Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندواپس جانیوالے دہری مشکل میں مبتلا

جدہ ۔۔۔۔۔سعودی عرب سے خروج نہائی پر ہندوستان جانیوالے دہری مصیبت میں گرفتار ہوگئے۔ ایک طرف تو سامان اور سروس ٹیکس ان پر نافذ کردیا گیا ، دوسرے استعمال شدہ سامان پر کسٹم ڈیوٹی کا استثنیٰ ختم کردیا گیا ۔ مقامی اخبار نے یہ رپورٹ دیتے ہوئے واضح کیا کہ نئے ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کے استثنیٰ کی منسوخی کی وجہ سے ہندوستان کے مختلف ہوائی اڈوں پر سعودی عرب سے بھیجا جانیوالا سامان 500ٹن تک پہنچ چکا ہے یہ سامان یکم جولائی سے ہوائی اڈوں کے گوداموں میں پڑا ہوا ہے۔ مالکان ڈیوٹی ادا نہ کرسکنے کی وجہ سے سامان وصول نہیں کرپارہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جدہ ، ریاض اور دمام میں کارگو کمپنیوں کے یہاں بھی سیکڑوں ٹن سامان رکھا ہوا ہے۔ 2ہفتے سے ایک ماہ تک کا عرصہ اس پر گزرچکا ہے۔ ڈور ٹو ڈور سروس فراہم کرنیوالی کمپنی کے ڈائریکٹر عبدالرشید نے بتایا کہ انہوں نے یکم جولائی سے ایک ماہ قبل 90ٹن سامان ہندوستان بھیجا تھا ابھی تک ہوائی اڈوں پر پڑا ہوا ہے۔ اگر وصولی میں زیادہ تاخیر ہوئی تو ایئر پورٹ گوداموں کے حکام تاخیر کی فیس بھی وصول کرینگے۔ہندوستان نے 1993ء میں قانون بنایا تھاکہ ایسا سامان جس میں الیکٹر انک آلات ، سونے کے زیورات یا ممنوعہ سامان نہ ہواور وہ 2لاکھ روپے مالیت تک کا ہو اور نجی استعمال کیلئے ہوتو اس پر کسٹم ڈیوٹی نہیں لی جائیگی۔ اب یہ استثنیٰ ختم کردیا گیا ہے۔

شیئر: