Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہار نہ ماننے والے بچے

* * * * تحریر۔وسعت اللہ خان* * *
پاکستان میں لاکھ خامیاں سہی ، یہ ریاست جیسی کیسی سہی۔ مگر اس کے لوگ ایک انمول خوبی سے مالامال ہیں۔یعنی سب کھونے کے بعد بھی اٹھ کھڑے ہونے کا حوصلہ ، کچھ کر دکھانے کا عزم ، سماجی و ثقافتی و عقیدگی جس میں بھی تخلیقی چراغ جلانے کا جنون۔ تازہ ثبوت مجھے کراچی یونیورسٹی کے شعبہِ علومِ بصری ( ویژوئل آرٹس ) میں فائنل ائیر کے طلبا و طالبات کی بنائی پندرہ تا تیس منٹ دورانئے کی تیرہ شارٹ فیچر فلمیں دیکھ کے ملا۔ صرف ایک فلم منٹو کے افسانے انتظار پر مبنی تھی ۔
باقی شارٹ فلموں کی کہانی ، مکالمہ ، اسکرین پلے اور ٹریٹمنٹ ان فلموں کے جواں سال ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔کچھ سنجیدہ ، کچھ تجریدی اور ایک آدھ مزاحیہ کہانی۔ چونکہ ڈپارٹمنٹ آف میڈیا اسٹڈیز میں اداکاری سکھانے کا شعبہ نہیں لہذا نوجوان ڈائریکٹرز نے باہر سے تھیٹر اور ٹی وی کے اداکار لئے۔ان میں اکثریت نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس ( ناپا ) کے گریجویٹس کی تھی۔معاون کردار خود طلبا یا ان کے دوستوں نے نبھائے۔ مگر ان فلموں سے بھی زیادہ مزیدار ان حالات کی کہانی ہے جن میں یہ تخلیق ہوئیں۔ڈیزائن اینڈ میڈیا آرٹس کے چار سالہ کورس کے ان لڑکے لڑکیوں کی اکثریت مڈل یا لوئر مڈل کلاس سے تعلق رکھتی ہے۔ڈپارٹمنٹ آف ویژوئل اسٹڈیز کے ہاں میڈیا آرٹس کا کورس تو ہے مگر تربیتی آلات ، پروڈکشن کی سہولتیں اور فلم لیبارٹری ندارد۔یعنی تھیوری ہم سے پڑھو اور پریکٹیکل کا انتظام خود کرو۔
چنانچہ یہ جنونی طلبا و طالبات اپنے فلمی اسائنمنٹ کے لئے درکار تمام وسائل کا انتظام جیب یا ادھار سے کرتے ہیں۔اس اضافی بوجھ میں بیرونی اداکاروں کی منت سماجت کر کے ان سے اعزازی طور پر کام کروانے سے لے کر پروڈکشن ہاؤسز سے آلات رعایتی نرخ پر حاصل کرنے ، لوکیشن ڈھونڈنے اور لوکیشن تک فلم یونٹ کو لانے لے جانے اور ان کے اور اپنے لئے چائے سینڈوچ کے انتظام تک سب خرچہ طالب علموں کا اور اس کے بعد پوسٹ پروڈکشن کی پھٹیکیں اور خرچے الگ۔ میں نے میلے میں سب سے زیادہ پذیرائی حاصل کرنے والی فلم کے پروڈیوسر ڈائریکٹر حسن علی سے پوچھا کہ کتنا خرچہ بیٹھا ؟ کہنے لگے اسی ہزار روپے سے زائد ۔اٹھارہ منٹ کی ایک اور فلم کے ڈائریکٹر عمار ظفر نے اپنے پروجیکٹ پر ایک لاکھ پچیس ہزار روپے خرچہ کیا۔ ایسے حالات میں ایسے دیوانے لڑکے لڑکیاں ایسی فلمیں بنا رہے ہیں کہ ان کے تجربات کی پذیرائی ہی بس ان کا انعام ہے۔یہ فلمیں ان طالبات و طلبا کا فائنل اکیڈمک تھیسس ہیں۔اس فلمی تھیسس کی پذیرائی زیبسٹ ، لمز اور آغا خان یونیورسٹی فلم فیسٹیولز میں تو خیر ہوتی ہی ہے لیکن کچھ منتخب فلمیں آسٹریا کے گولڈن ڈائنا ایوارڈ فیسٹیول ، اورلینڈو فلوریڈا کے انٹرنیشنل پیس اینڈ فلم فیسٹیول ، ڈیوس فلم فیسٹیول ، کنساس کے سن بیک فلم فیسٹیول اور بلیک برڈز فیسٹیول ایڈنبرا تک میں جاتی ہیں اور پاکستان میں ایسا کام بھی ہو رہا ہے کہہ کے دکھائی جاتی ہیں۔ مگر حسبِ توقع مجھے پاکستانی کمرشل سینما ، ایڈورٹائزنگ کی صنعت ، ٹی وی پرو ڈکشن ہاؤسز ، انڈی پینڈنٹ فلم میکرز اور انتہا پسندی کو سافٹ امیج سے مارنے کے سرکاری و غیر سرکاری تبلیغیوں سمیت کوئی قابلِ زکر چہرہ میلے میں نظر نہیں آیا۔ہوسکتا ہے آیا بھی ہو اور میں نے نہ پہچانا ہو۔ چنانچہ اب ہوگا یہ کہ فارغ التحصیل طلبا و طالبات جو نامساعد حالات میں بھی تخلیق کا چراغ جلانے پر مصر ہیں اپنا پہلا برس مرضی کا کام یا ادارہ ڈھونڈنے میں ضائع کریں گے اور پھر کانِ نمک میں نمک ہوتے جائیں گے ، ثقافتی بھیڑ چال میں شامل ہو جائیں گے اور کچھ نیا کرنے کی حسرتوں کو قدم بہ قدم دابتے چلے جائیں گے اور پھر ان کی جگہ ایسے ہی پرجوش نوجوانوں کا اگلا غول نئے یا اچھوتے آئڈیاز کے چراغ ہتھیلیوں پر رکھے اردگرد کو بدل دینے کے جذبے کے ساتھ عملی زندگی کو جانے والی سفاک کنوئیر بیلٹ پر لد جائیں گے۔
جس ترتیب سے چراغ سے چراغ جلتا رہے گا اسی ترتیب سے بجھتا بھی رہے گا۔ اس فلم فیسٹیول میں شرکت سے پہلے میں نے ایک بین الاقوامی اردو کانفرنس میں شرکت کی۔وہاں گرد و پیش میں کیا ہو رہا ہے سے بے خبر مجھ جیسے ادھیڑ عمر دانش باز اور بوڑھے ادب نواز اپنی لا علمی سے علم کاڑھنے کا کرتب دکھا رہے تھے۔پہلے یہ ہوتا تھا اب تو کچھ بھی نہیں ہو رہا ، ہم نے جو اپنے دور میں تخلیقی بھالا مارا آج کی نسل تو اس بھالے کو اٹھانے کا تصور بھی نہیں کرسکتی۔بھلا جن لمڈے لمڈیوں کا شین قاف اور جملے کی ترتیب ہی ٹھیک نہ ہو ان سے کیا امید رکھی جاوے۔ ایسے ماحول سے اٹھ کر جب میں اس نوجوان فلم ساز تجربے سے ٹکرایا تو چندھیانا تو بنتا ہی تھا۔وہ بوڑھا ہی کیا جو ہنسی خوشی مان لے کہ ہر نسل اتنی ہی توانا ہے جتنی پچھلی نسل تھی۔بس یہی تو ہوا ہے کہ صراحی فریج سے ، قلم کی بورڈ سے ، تار برقی واٹس ایپ اور چکنی ہانڈی مائکرو ویوو سے بدل گئی ہے۔ اگر پچھلی نسل کا اگلی نسل سے رابطہ ٹوٹا ہوا ہے تو اس میں ان نئے بچے بچیوں کا کیا قصور ؟ جو ہم نے چھوڑا اسی پر تو یہ تعمیر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مگر ہائے ، تھکی ہڈیاں اور اس سے بھی زیادہ تھک جانے والی سوچ اجازت نہیں دیتی کہ ہم اپنی سوچ کے مینارے سے اتر کر یہ تلاش کریں کہ آخر یہ لمڈے لمڈیاں ہاتھ پے ہاتھ دھرے تو نہیں بیٹھے ہوں گے کچھ نہ کچھ تو مکھی مار ہی رہے ہوں گے۔چلو یہی چل کے ڈھونڈیں کہ یہ کیسے مکھی مار رہے ہیں۔ چلئے آپ مت رابطے استوار کیجئے۔میں نے بتا دیا نا کہ میں نے کیا دیکھا۔اب آپ بس یوں کیجئے کہ ان بچے بچیوں کی مدد کیجئے۔ان کے شعبے کو ٹیکنیکل گرانٹ دیجئے ، آلات اور سہولتیں دان کیجئے اور ان کا کام دیکھئے۔ یہی وہ لیبارٹریاں ہیں جن سے سافٹ اور ہیومین پاکستان نکلے گا۔ایٹم بم بھی تو لیبارٹری میں ہی بنتا ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں