Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بکس میں سر پھنسنے سے ہلاکت

لاس اینجلس...... یہاں مختلف جگہوں پر ایسے بڑے بکس رکھ دیئے گئے ہیں جہاں لوگ اپنے پرانے کپڑے رکھ دیتے ہیں تاکہ ضرورت مند افراد اگر چاہیں تو لیکر انہیں استعمال کرسکیں۔ مگر ایسے ہی بکس میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص نے اس میں اپنا سر پھنسا لیا اور اسی حالت میں اسکی موت واقع ہوگئی۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ اس بے گھر شخص کا سر اس بری طرح پھنس گیا تھا کہ اس کے مردہ جسم کو نکالنے کیلئے بکس کاٹنا پڑا جس کے نتیجے میں اس کے جسم کا کچھ حصہ بھی کٹ گیا۔ واضح ہو کہ لوگ ایسے بکسوں میں پرانے کپڑوں کے علاوہ جوتے وغیرہ بھی رکھ دیتے ہیں۔ اب تک اس شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم جنوبی لاس اینجلس کے لوگوں کا کہناہے کہ وہ اس شخص کو جانتے ہیں ۔ یہ بے کس اور بے گھر شخص تھا جو سڑکوں پر زندگی گزارتا تھا۔بکس سے اس شخص کو نکالنے کیلئے30منٹ محنت کرنا پڑی۔ لوگوں کا کہناہے کہ شاید وہ اپنی ضرورت کی کوئی چیز نکالنے کیلئے اس میں جھانک رہا تھا۔ نیشنل براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کاکہناہے کہ یہ شخص اس بکس کے اندر اس طرح سے پھنسا تھا کہ سر بکس میں تھاا ور ٹانگیں باہر تھیں۔ ایک خاتون کا کہناہے کہ انہوں نے اس شخص کو کافی دیر تک بکس میں سر پھنسائے دیکھ کر امدادی ٹیم کو فون کرنے کا فیصلہ کیا۔ جب ٹیم آئی تو حقیقت حال کا پتہ چلا مگر اس وقت تک اس کی زندگی کی کہانی ختم ہوچکی تھی۔

شیئر: