Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند ایشیا کرکٹ کپ انڈر19 کی میزبانی سے محروم

کولمبو:ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعتراض پر ہندکو آئندہ ماہ ہونے والے انڈر 19 ایشیا کپ کی میزبانی سے محروم کردیا۔پی سی بی نے اعتراض اٹھایا تھا کہ پاکستان اورہندکے درمیان جاری کشیدگی کے باعث ہند نے کھیلوں کے کئی بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہیں کئے تھے جس کی وجہ سے پاکستان ان مقابلوں میں شرکت سے محروم ہوگیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے خدشات ظاہر کیے تھے کہ ہند میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کی وجہ سے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہوسکتی ہے۔پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل سے درخواست کی تھی کہ بین الاقوامی سطح کے اس ٹورنامنٹ کو ہندسے کسی دوسرے ایشیائی ملک منتقل کیا جائے۔اس حوالے سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں اے سی سی کا اجلاس منعقد ہوا جہاں انڈر 19 ایشیا کپ کو ہند سے ملائیشیا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے نو منتخب چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی کہا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ہند میں انڈر19 ایشیا کپ کے انعقاد پر تحفظات ہیں اس لئے ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں ٹورنامنٹ کو دوسرے ملک منتقل کرنے پر بات کی جائے گی۔واضح رہے کہ ہندوستان نے دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال کو بنیاد بنا کر پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں کے لیے ویزے جاری نہیں کئے تھے، جس کے باعث پاکستانی کھلاڑی ان مقابلوں میں شرکت سے محروم ہوگئے تھے۔ہندوستانی ہائی کمیشن نے 10 سے 14 مئی تک دہلی میں ہونے والی ایشین ریسلنگ چیمپیئن شپ کےلئے پاکستانی پہلوانوں کو ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا تھا۔رواں سال اپریل میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے4 پاکستانی اسکواش کھلاڑیوں کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کیا تھا جس کے بعد پاکستانی کھلاڑی ایشین سینیئر انفرادی چیمپیئن شپ میں شرکت سے محروم ہوگئے تھے۔صرف یہی نہیں بلکہ گزشتہ برس دسمبر میں جونیئر ہاکی ٹیم کو بھی ہند نے ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا تھا۔

شیئر: