Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز سمن وایا گروپ کا جدہ میں جشن یوم آزادی ہند

ہندوستانی ہونے پر فخر ہے ، تارکین کے مسائل قونصلیٹ اور حکومت ہند تک پہنچاتے ہیں اور حل کراتے ہیں، شوکت خان 
جدہ ( امین انصاری ) اوورسیز سمن وایا گروپ جدہ کی جانب سے جدہ میں ہندوستان کے 70 ویں یوم آزادی کا جشن دھوم دھام سے گروپ کے صدر شوکت خان اور ان کے کور کمیٹی کے اراکین و جدہ کے تاجر اور انجینیئروں کی بڑی تعداد نے کیک کاٹ کرمنایا ۔ ۔آزادی کے کیک پرہندوستانی پرچم بنایا گیا تھا جو دیار غیر میں بھی حب الوطنی کے جذبے کو ابھار رہا تھا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر سمن وایا گروپ شوکت خان نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایسے سیکولر ملک کے باشندے ہیں جو دنیا میں گنگا جمنی تہذیب کیلئے مانا اور جانا جاتا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان جس میں کئی مذہب کے لوگ رہتے ہیں اور وہ اپنی صلاحیت اور قابلیت کے ساتھ ملک کی ترقی میں ہردم اپنا تعاون دیتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے سمن وایا گروپ کی کارکردگی شرکاءکو بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد مملکت سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن کی خدمت کرنا اور ان کی مشکلات کو آسان کرنا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ہم مذہب اور ذات پات سے آری ہوکر ملکی باشندوں کیلئے کام کرتے ہیں یہی ہمارے گروپ کی خا صیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا گروپ گزشتہ3 سال سے قوم و ملت کی خدمت کررہا ہے۔ ہم نے بے شمار لاوارث لاشوں کی وطن واپسی کے انتظامات کروائے ،کفیل اور حالات سے پریشان لوگوں کی واپسی، ان کے ٹکٹ کے انتظامات اور کفیل سے ریلیز جیسے مسائل کو ہم ہندوستانی قونصلیٹ کی مدد سے پورے کرتے ہیں ۔26 جنوری کو ہندوستانی یوم جمہوریہ پر ہم نے قونصلیٹ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا جو انتہائی کامیاب رہا ۔ اب یوم آزادی کی مناسبت سے ہم حج کے بعد قونصلیٹ کی مدد سے میڈیکل کیمپ، ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ پروگرام اور کئی سیمینار کروائیں گے جس میں ”ملکی ترقی میں تارکین وطن کا حصہ“ پر روشنی ڈالیں گے اور یہ تمام رپورٹ قونصل خانہ ہند اور ہندوستان کی موجودہ حکومت تک پہنچانے کی کوشش کریں گے ۔ شوکت خان نے بتایا کہ ہمیں فخر ہے کہ امسال ہم پہلی مرتبہ حجاجِ کرام کی خدمت کیلئے اپنے والنٹئیرز کو جدہ سے روانہ کررہے ہیں ۔ہمارے گروپ کی جانب سے 25 سے زائد رضاکار وںکی ٹیم جمعہ کو حرم مکی پہنچ کر حجاج کی خدمت میں لگ گئی ہے اور یہ حج کے موقع پر منیٰ ، مزدلفہ ، اور عرفات میں بھی اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے بھٹکے ہوئے ، بیمار ، ضعیف اور لاچار حاجیوں کی مدد کریں گے ۔ انشاءاللہ رضاکاروں کی تعداد آئندہ سال بہت زیادہ ہوگی ۔ رضاکاروں کی خدمت کو عملی جامہ پہنانے میں قونصل جنرل ہند نور رحمان شیخ نے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا جس کےلئے ہم ان کے مشکور ہیں ۔ ہمارے گروپ کو ہندوستانی گورنمنٹ سے بھی آئے دنوں بہت سپورٹ ملتی ہے۔ اس بار بھی وزیراعظم ہاو¿س سے ہمیں رہنمائی ملی ۔ہم اپنے مسائل کو راست فارن منسٹر کو بھی پیش کرتے ہیں اور انہیں آگاہ کرتے ہیں کہ ہندوستانی تارکین وطن کن مسائل سے دوچار ہیں ۔اس موقع پرگروپ کے صدر شوکت خان نے اپنی ٹیم کے عہدیداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک شخص بلا تفریق خدمت کرنے کا جذبہ رکھتا ہے ۔کور کمیٹی کے اراکین میں عبدالوحید ، عبدالماجد ، آنندو، عبدالرحمان ، سید علی ، اکرم ، کمال ، اببو،ساجد دیگر افراد میں محمد مسکین ، مسعود خان ، محمد مشتاق اور امتیاز کا انہوں نے خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ہر وقت کندھے سے کندھا ملائے قوم کی خدمت کیلئے ساتھ ساتھ چلتے ہیں ۔ اس موقع پر جہاں کیک کاٹا گیا وہیں قومی ترانہ پورے احترام کے ساتھ کورس میں پڑھا گیا ۔ پروگرام کی ابتداءاور آخر میں معروف گلوکار محمد رافع اور لیڈی سنگر عائشہ نے قومی و ملی نغمے اپنی منفرد آواز میں گاکر سماع باندھ دیا ۔ شرکاءکی خواہش پر محمد رافع نے ہندوستان کے مشہور پلے بیک سنگرز محمد رفیع ، مکیش، مناڈے اور دیگر گلوکار کے پرانے نغمے گاکر خوب داد سمیٹی ۔ عائشہ نے تنہا اور میل سنگر کے ساتھ پرفامنس دیکر خوب داد وتحسین حاصل کی ۔

شیئر: