Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کے کیمپوں کے انہدام کی سخت مذمت

    جدہ(نیوزڈیسک)مجلس محصورین پاکستان کے زیر اہتمام کنوینر انجینئر سید احسان الحق کی زیرِ صدارت مقامی ریسٹورنٹ میں ایک ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کئی ممتازاور نمایاں شخصیتوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے ڈھاکا میں محصور پاکستانیوں کے کیمپ 11اور12کو مقامی انتظامیہ کی جانب سے منہدم کرنے پر افسوس کا اظہار کیا اور اس اقدام کی سخت مذمت کی جس کی وجہ سے کیمپوں میں مقیم سیکڑوں افراد بے یاو مددگار سخت گرمی اور بارش کے موسم میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ شرکاء نے حکومتِ پاکستان سے ان محب وطن متاثرین کی خبر گیری اوران کو جلد وطن واپس لانے اور بنگلا دیشی حکومت سے اس طرح کے دلخراش واقعات سے  اجتناب کی اپیل کی۔اجلاس میں پی آر سی کے ڈپٹی کنوینر حامد الاسلام خان نے پاکستان کے ممتاز صحافی ودانشور نوائے وقت کے ایڈیٹر انچیف اور رابطہ ٹرسٹ کے بورڈ ممبر مجید نظامی کی نظریاتی صحافت وخدمات کی تعریف کی۔ انھوں نے محصورین کے لیے نوائے وقت فنڈ کے قیام اور ان کی پاکستان منتقلی و آبادکاری کی کاوشوں اور مسلسل حمایت پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا ۔جدہ میں مقیم معروف مذہبی اسکالر طارق محمود نے مجید نظامی کی مغفرت ، بلند درجات ، ڈاکٹر عبداللہ عمر نصیف، ڈاکٹر فرانسس لیمنڈ، نثار احمد کی صحتیابی ، پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی،خوشحالی اور حفاظت کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ اجلاس میں چوہدری محمد ریاض گھمن، شمس الدین الطاف ملک، طیب موسانی، منصور شیوانی، آفتاب الطاف، انجینئر سیدنصیر الدین،انجینئر سید غضنفر حسن، قاضی پرویز، سید قمر شاہ، الطاف الرحمن،محمد امانت اللہ، مصطفی خان، زمرد خاں سیفی، جمال خان اوردیگرنے شرکت کی۔ قبل ازیں انجینئر سید نیاز احمد چیئرمین پاکستان رائٹرز فورم کی تلاوتِ قران پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔سید مسرت خلیل نے تمام مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ 

شیئر: