Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تلنگانہ این آر آئی فورم کی حجاج کیلئے رضاکارانہ خدمات

فورم نے جدہ ، ریاض ، دمام ، ینبع اور رابغ سے آنے والے والینٹیئرز کے رہنے ،کھانے اور سفر کے بہترین انتظامات کئے  
رپورٹ و تصویر ۔ امین انصاری ۔جدہ 
تلنگانہ این آر آئی فورم نے حج کے موقع پر امسال اپنی رضاکارانہ خدمات پیش کیں ۔ صدر تلنگانہ این آر آئی فورم محمد عبدالجبار نے بتایا کہ تلنگانہ این آر آئی فورم 2014ء سے حجاج کی خدمت کرنے کا عزم کیا اور الحمد اللہ ہمارے کمیٹی ممبرز نے اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لئے اپنی خدمات پیش کی ۔ ابتدائی طور پر ہم نے قونصل خانہ ہند کی تعاون سے اپنے چند خدام کو منیٰ، عرفات اور مزدلفہ بھیجنے میں کامیاب رہے ۔ بتدریج یہ سلسلہ بڑھتے ہوئے امسال 2017ء میں 70خدام کی تعداد تک پہنچ گئی۔ الحمد اللہ ہمارے والینٹئرزنے بغیر کسی معاوضہ کے اللہ کی رضا کیلئے ضیوف الرحمان کی خدمت کیلئے خود کو پیش کیا اور اللہ کے کرم و فضل سے تلنگانہ این آر آئی فورم نے ان کے سفر کے ،رہنے کے اور کھانے کے تمام انتظامات کئے ۔  
یہ والینٹئرز مملکت کے مختلف مقامات  جدہ ، ریاض ، دمام ، ینبع اور رابغ سے ہمارے ساتھ جڑ کر تلنگانہ این آر آئیز فورم کے بینر تلے اپنی خدمات پیش کرتے رہے ۔ فورم نے انہیں حجاج کرام کی خدمت کی تربیت دی اور انہیں ایک جامع میپ مکمل جان کاری کے ساتھ دیا گیا تھا جس کی مدد سے والینٹئرز گمشدہ ، ضعیف اور بیمار حجاج کو ان کے خیمے تک اس میپ کے ذریعے پہنچا رہے تھے ۔ والینٹئرز فوری مدد کے طور پر حجاج کرام کو پانی ، شربت اور وہیل چیئر کی سہولت بھی مہیا کررہے تھے ۔سامان یا سفری دستاویزات گم ہوجانے والے حاجیوں کے معاملات کو متعلقہ اداروں تک پہنچ کر ان کی نہ صرف رہنمائی کررہے تھے بلکہ ان کے مترجم بن کر ان کی زبان کی پریشانی کو بھی دور کرنے میں پیش پیش رہے ۔
  والینٹئرزنے کہا کہ کروڑوں لوگوں میں سے اللہ نے ہمیں اس خدمت کیلئے چن لیا ،یہ ہماری خوش نصیبی تھی ۔ ہمیں حجاج کی خدمت کرکے قلبی سکون میسر ہورہا تھا اور ظاہری شدت کی گرمی اور سفر کی طوالت ہمارے جذبۂ خدمت میں کوئی معنیٰ نہیں رکھتے تھے ۔ ہم ایک حاجی کی خدمت کرتے تو دوسرے کیلئے پہلے سے زیادہ خود کو مستعد پاتے ۔ہم اپنی ذات سے کوئی کام نہیں کررہے تھے بلکہ اللہ تعالیٰ ہم سے یہ کام لے رہا تھا اور وہی ہم میں نئی امنگ اور طاقت و چستی پیدا کررہا تھا ۔
صدر تلنگانہ فورم محمد عبدالجبار نے اس موقع پر آئی پی ڈبلیو ایف اور انڈین قونصلیٹ حج مشن کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے تعاون نے ہمیں خدمت ِحجاج کا موقع فراہم کیا ۔ انہوں نے سفیر ہندعزت مآب جاویدمحمد ،قونصل جنرل ہند نور رحمان شیخ اور قونصل حج نورعالم کا دلی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمارے کارکنوں کیلئے حج پر جانے کے انتظامات کئے ،نیز اے پی ڈبلیو ایف کے رہنما عزیز قدوائی ، ایوب اور قادر خان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کا تعاون ہمارے ساتھ ابتداء تا انتہا رہا ۔ 
صدر نے اس موقع پر کارکنوں کا دلی شکریہ ادا کیا کہ آپ کی ہمت اور سچی لگن نے ہم سب کو خادم حجاج بنایا اور اس کا اجر آخرت میں ضرور ملے گا ۔ 
 
 

شیئر: