Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکاری میں خاص شناخت بنانے والی..... کرینہ کپور

ممبئی .....بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کی آج 21ستمبر کو 37ویں سالگرہ ہے۔انکا شمار ایسی اداکارہ کے طور پر کیا جاتا ہے جنہوں نے اداکاراﺅں کو فلموں میں روایتی طور پر پیش کئے جانے کے طریقوں کو تبدیل کرتے ہوئے اپنی بے باک اداکاری سے ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی۔ 21 ستمبر 1980 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی کرینہ کپور کو اداکاری کا فن وراثت میں ملا۔ ان کے والد رندھیر کپور اداکار ، ماں ببیتا اور بہن کرشمہ کپور معروف فلم اداکارہ تھیں۔ گھر میں فلمی ماحول رہنے کی وجہ سے کرینہ اکثر اپنی بہن کے ساتھ شوٹنگ دیکھنے جایا کرتی تھیں۔ اس وجہ سے ان کا بھی رجحان فلموں کی جانب ہو گیا اور وہ بھی اداکارہ بننے کے خواب دیکھنے لگی۔ کرینہ کپور نے بطور اداکارہ اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2000 ءمیں ریلیز ہونے والی فلم”رفیوجی“ سے کیا۔ اس فلم میں انکے ہیرو کا کردار ابھیشیک بچن نے ادا کیا تھاجو ان کی بھی پہلی فلم تھی۔ فلم کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔ 2001 ءمیں فلم ”مجھے کچھ کہنا ہے“ کرینہ کے کیریئر کی پہلی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ 2001 ءمیں کرینہ کو سبھاش گھئی کی فلم ”یادیں “میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن کمزورا سکرپٹ کی وجہ سے یہ فلم کامیاب نہ ہوسکی۔ اسی برس ان کی” کبھی خوشی کبھی غم“ اور” اجنبی“ جیسی سپر ہٹ فلمیں بھی ریلیز ہوئیں لیکن کامیابی کا کریڈٹ انہیں کم فلم اداکاروں کو زیادہ دیا گیا۔2002 ءکرینہ کے کیریئر کےلئے اہم سال ثابت ہوا۔ اس برس ان کی” جینا صرف میرے لئے“ اور” مجھ سے دوستی کرو گے“ جیسی ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ 2003 ءمیں کرینہ کو سورج بڑجاتیا کی فلم میں” پریم دیوانی“ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں رتیک روشن اور ابھیشیک بچن جیسے ستارے ہونے کے باوجود یہ فلم کوئی خاص کمال نہ دکھا سکی۔ 2004 ءمیں کرینہ کی اداکاری کے نئے طول و عرض دیکھنے کو ملے۔ اس برس کرینہ کی ”یووا، چمیلی، ہلچل اور اعتراض“ جیسی سپر ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں۔ سدھیر مشرا کی ہدایت کاری میں بنی فلم ”چمیلی“ میں کرینہ نے اپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کا دل جیت لیا۔ فلم میں ان کی بااثر اداکاری کے لیے انہیں فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔2006 ءمیں کرینہ کپور کی سپر ہٹ فلم ”اومکارہ “ریلیز ہوئی۔ وشال بھاردواج کی ہدایت کاری میں بنی فلم” اومکارا “میں کرینہ کو ان کی اثر انگیز اداکاری کےلئے فلم فیئر کا کریٹکس ایوارڈ ملا۔ اسی برس آئی فلم ”ڈان “میں کرینہ کپور نے کیمیوکیا۔ اس فلم میں کرینہ نے ہیلن کے سپر ہٹ گانے ..یہ میرا دل یار کا دیوانہ۔۔پر رقص کرکے ناظرین کو مسحور کر دیا۔ 2007 ءمیں آئی فلم ”جب وی میٹ“ کرینہ کپور کے کیریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ امتیاز علی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں کرینہ کے ہیرو شاہد کپور تھے۔ دونوں کی جوڑی کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔ اس فلم کے لئے کرینہ کپور کو بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ 2008 ءمیں کرینہ کپور کی سپر ہٹ فلم ”گول مال ریٹرنز “ریلیز ہوئی۔ 2009 ءمیں آئی فلم ”تھری ایڈیٹس“ کرینہ کپور کے کیریئر کی سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں کرینہ کپور کے ہیرو عامر خان تھے۔ ”تھری ایڈیٹس“ بالی وڈ کی تاریخ میں پہلی 200 کروڑ روپے کی کمائی کرنے والی فلم ہے۔ 2010 ءمیں ریلیزہوئی روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بنی فلم” گول مال۔3 “کیلئے کرینہ کپور کو بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیاگیا۔ 2011 ءمیں آئی فلم ”باڈی گارڈ “کرینہ کے کیریئر کی سب سے زیادہ کامیاب فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔کرینہ اور سلمان کی جوڑی کو” باڈی گارڈ “میں کافی پسند کیا گیا۔ 2011 ءمیں کرینہ کپور کو شاہ رخ خان کے ساتھ” را۔ ون“میں کام کرنے کا موقع ملا۔ انوبھو سنہا کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں کرینہ کپور پر فلمایا گانا ”چھمک چھلو“بہت مقبول ہوا تھا۔ 2012 ء میں آئی فلم ”ہیروئن” اگرچہ کامیاب نہیں ہو سکی لیکن ان کی اداکاری کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔ 2013 ءمیں کرینہ کپور کی ”گوری تیرے پیار میں“ اور ”ستیہ گرہ “جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں لیکن باکس آفس پر کمال نہیں دکھا سکیں۔ 2014 میں کرینہ کی ”سنگھم ریٹنرز“ ریلیز ہوئی۔ اس فلم نے 140 کروڑ روپے کی کمائی کی۔ کرینہ کی گزشتہ برس سپر ہٹ فلم ”بجرنگی بھائی جان“ ریلیز ہوئی۔ فلم نے 320 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔ کرینہ نے گزشتہ برس ریلیز ہوئی فلم ”اڑتا پنجاب “میں کام کیا ہے جس میں ان کے اداکاری کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔ 
٭٭٭٭٭٭

شیئر: