Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ کا نیا فارمیٹ ”ٹی10“ متعارف کرانے کا اعلان

دبئی: متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کا ایک اور بڑا فارمیٹ متعارف کرانے کا اعلان کردیا گیا ۔ دسمبر میں 10 اوورز پر مشتمل ٹی10 لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔دسمبر میں شارجہ میں10 اوورز کی لیگ کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں شہرہ آفاق آل راونڈر شاہد آفریدی، وریندر سہواگ، کمار سنگاکارا اور این مورگن شرکت کریں گے۔یہ میچ 90منٹ پر مشتمل ہو گا جس کی فی اننگز 45منٹ پر محیط ہو گی۔اس سے قبل 2003 ءمیں انگلینڈ میں ٹی20 کرکٹ کو متعارف کرایا گیا تھا اور پہلا انٹرنیشنل ٹی20 میچ فروری 2005 میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔اس کے بعد سے ٹیسٹ اور ون ڈے کے مقابلے میں ٹی20 کرکٹ دنیا بھر میں شائقین میں سب سے مقبول فارمیٹ ہے۔لیگ کے صدر سلمان اقبال نے فارمیٹ کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی گلی کوچوں میں ٹی10 کرکٹ کھیل رہا ہے اور اس سے کرکٹ مزید تیز ہو گی، یہ ایک بڑی پیشرفت ہو گی اور لوگ اس سے بہت لطف اندوز ہوں گے۔یہ فارمیٹ صرف چار دن 21 سے 24 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بھی شریک ہوں گے۔گزشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی اس نئے فارمیٹ کے انعقاد کو مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب مجھے اس خیال کے بارے میں بتایا گیا تو میں اسی وقت بہت پرجوش ہوا تھا اور میں نے درخواست کی کہ میں اس میںحصہ لینا چاہتا ہوں۔انگلینڈ کی موجودہ ٹی20 اور ون ڈے ٹیم کے کپتان این مورگن نے بھی کہا کہ اس فارمیٹ کے کھیل پر اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت بہترین ہے، ہم سب کو پہلا ٹی20 میچ یاد ہے اور اس کے بعد سے ٹی20 کرکٹ کھیل کے دیگر فارمیٹس پر اثرانداز ہوئی ہے اور اگر یہ نیا آئیڈیا بھی کام کر گیا تو اس کے بھی کھیل پر اثرات مرتب ہوں گے۔ایونٹ کےلئے 4 ٹیموں کا انتخاب اس ماہ کے اواخر میں ڈرافٹ کے ذریعے ہو گا۔

شیئر: