Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”ارضِ وطن ہے صرف محبت کے واسطے“

ادب ڈیسک۔جدہ
انجینیئر خالد جاوید چشتی نے پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے حوالے سے اپنے کاشانے پر ایک باوقار محفل منعقد کی۔ یہ تقریب صحافی سید مسرت خلیل کی صدارت میں منعقد کی گئی جس میں خصوصی کیک بھی کاٹا گیا اور وطنِ عزیز کی سلامتی ، خوشحالی اور امن کے لئے خصوصی دُعائیں بھی کی گئیں۔ تقریب کے شرکاءمیں تدریس سے وابستہ ماہرِ تعلیم اور دانشور اظہرالیاس چشتی ودیگر افراد شامل تھے۔اس موقع پرمیزبان خالد جاویدنے کہا کہ بظاہر آج کی یہ تقریب مختصر سی ہے لیکن جذبہ حب الوطنی سے معمور ہے اور ہمیں یوم آزادی تجدیدِ عہد کے طور پر منانا چاہئے کیونکہ وطنِ عزیز نہ صرف دو قومی نظریے کی بنیاد پر حاصل کیا گیا بلکہ لاکھوں شہداءکے خون کی قربانی بھی اس میں شامل ہے۔
ماہرِ تعلیم اظہر الیاس چشتی نے کہا کہ انتہائی مختصر مدت میںحصول پاکستان ایک معجزہ کی طرح ہے۔ اُنہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح ، علامہ اقبال اور دیگر اکابرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان اور تحریکِ پاکستان کے حوالے سے باخبر رکھنا چاہئے تاکہ وہ اپنے وطن کی قدرو قیمت اور عظمت سے آشنا ہوسکیں۔
زمرد خان سیفی نے قائدینِ پاکستان کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا:
نفرت کے واسطے نہ عداوت کے واسطے
ارضِ وطن ہے صرف محبت کے واسطے
تقریب کے صدر مسرت خلیل نے کہا کہ بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان بلا شک و شبہ دو قومی نظریے کے تحت حاصل کیا گیا اور سچا پاکستانی وہی ہے جو نظریہ پاکستان کا احترام کر تا ہے۔ مسلمان ہمیشہ سے آزاد رہے ہیں او ر14اگست 1947 وہ مبارک دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں کے لئے قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ایک مسلم ریاست کا قیام عمل میں آیا تھا۔
 

شیئر: