Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی10لیگ نے کیریئر کو طول دینے پر مجبور کردیا،آفریدی

دبئی:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف آل راونڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹی10لیگ نے انہیں اپنے کیریئر کو طول دینے پر مجبور کردیا ہے اور اب مزید کچھ سال کرکٹ میدان میں موجود رہنا چاہتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ سوچ رہے تھے کہ مزید ایک سال ٹی 20 کرکٹ کھیل کر کرکٹ میدان کو ہمیشہ کے لئے خیرباد کہہ دیں گے لیکن اس مختصر فارمیٹ کی کشش نے انھیں مزید کچھ عرصہ کھیلنے پر مجبور کر دیا ہے۔ سابق کپتان کے مطابق کرکٹرز اور شائقین سمیت سب کو ٹی 10 لیگ کا شدت سے انتظار ہے اور یہ نیا فارمیٹ شائقین میں یقینی طور پر مقبولیت حاصل کرلے گا۔ یاد رہے کہ شاہد آفریدی ان کرکٹرز میں شامل ہیں جو 14 سے 17دسمبر تک شارجہ میں ہونے والی ٹی 10 لیگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ آفریدی نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ کرکٹ میں بڑی تیزی آئی ہے اور اس ٹی 10 میں کرکٹرز کو اپنی مہارت دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔پہلی ٹی 10 لیگ میں حصہ لینے والی 6 ٹیموں میں پنجاب لیجنڈز، پختون، مراٹھا عریبیئنز، کیرالہ کنگز، بنگال ٹائیگرز اور ٹیم سری لنکا شامل ہیں۔پہلے یہ بتایا گیا تھا کہ اس ایونٹ میں کولمبو لائنز کے نام سے ٹیم حصہ لے گی لیکن اب سری لنکن کرکٹ بورڈ اپنی منتخب کردہ ٹیم اس لیگ میں شرکت کےلئے بھیجے گا۔شاہد آفریدی (پختون) سرفراز احمد (بنگال ٹائیگرز) این مورگن (کیرالہ کنگز) شعیب ملک ( پنجاب لیجنڈز) اور وریندر سہواگ (مراٹھا عریبئنز) اس لیگ کے آئیکونک کرکٹرز قرار پائے ہیں اوریہی پانچوں کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت بھی کریں گے۔

شیئر: