Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہلمند میں امریکی اتحاد کی فضائی کارروائیاں، 8 کروڑ ڈالر کی منشیات تباہ

واشنگٹن۔۔۔ امریکی فوجی حکام نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی قیادت والے اتحاد نے صوبہ ہلمند میں منشیات تیار کرنے والی 25 لیباریٹریاں تباہ کردی ہیںجس کے نتیجے میں 8 کروڑ ڈالر مالیت کی منشیات تلف ہوگئی۔یہ کارروائی 3 ہفتے تک جاری رہنے والے فضائی حملوں کے دوران کی گئی، جس کا مقصد طالبان کو حاصل ہونے والی آمدن کو تباہ کرنا تھا۔ٹیلی کانفرنس کے ذریعے کابل سے بات کرتے ہوئے امریکی فضائیہ کے بریگیڈیئر جنرل، لانس بنچ نے صحافیوںکو بتایا کہ اِن 8 کروڑ ڈالرمیں سے ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر براہِ راست طالبان کے ساتھی منشیات سے وابستہ سرداروں کی جیبوں میں جاتے ۔16سال میں طالبان کے انسداد کے لیے پہلی بار فضائی کارروائی کی گئی، جس کا ہدف منشیات کی آمدنی کو نشانہ بنانا تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ نئی لڑائی ہے اور ہم تیار بیٹھے ہیں۔اْنھوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے تحت ملنے والے نئے اختیارات کی تعریف کی، جن میں امریکی قیادت والے اتحاد کو یہ اجازت دی گئی ہے کہ وہ افغان طالبان کی حامی تنصیبات پر حملہ کر سکتے ہیں، جن میں ہتھیاروں کے ذخیرے سے لے کر آمدن پیدا کرنے والے ذرائع شامل ہیں۔
 

شیئر: