Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب ملک فیلڈر کی گیند سر پر لگنے سے زخمی

ہملٹن:پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھے ون ڈے میچ میں بیٹنگ کے دوران سر پر گیند لگنے کے سبب سابق کپتان اور تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک میچ سے باہر ہو گئے ۔ہملٹن میں کھیلے گئے میچ کے دوران حارث سہیل کے آوٹ ہونے کے بعد شعیب ملک بیٹنگ کیلئے آئے لیکن اگلے ہی اوور میں سر پر گیند لگنے کے سبب وہ گراونڈ میںگر گئے۔ کیوی بولرمچل سینٹنر کی گیند پر انہوں نے رن لینے کی کوشش کی لیکن محمد حفیظ نے دلچسپی ظاہر نہ کی اور انہیں واپس کریز میں جانے کا اشارہ کیا جبکہ اس دوران نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے کور سے آکر گیند وکٹ کیپر کی جانب پھینکی جو سیدھی شعیب کے سر پر لگی جو اس وقت بغیر ہیلمٹ کے بیٹنگ کر رہے تھے۔ گیند شعیب ملک کے سر پر لگنے کے بعد باونڈری پار کر گئی جس سے تھرو کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔گیند لگنے کے بعد شعیب ملک گر گئے اور انہیں فوری طور پرطبی امداد دی گئی اور وہ جلد ہی دوبارہ بیٹنگ کیلئے تیار ہو گئے لیکن اگلے ہی اوور میں بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باونڈری پر کیچ ہوگئے۔ انہوں نے6رنز بنائے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شعیب ملک کی انجری کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پویلین لوٹنے کے بعد شعیب ملک کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا گیا اور انہیں اس انجری کی وجہ سے کچھ تکلیف کا سامنا ہے۔قومی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ وی پی سنگھ کے مطابق شعیب ملک بہتر ہیں اور آرام کر رہے ہیں۔شعیب ملک کی انجری کے سبب سیریز کے پانچویں ون ڈے میچ میں ان کی شرکت غیر یقینی نظر آتی ہے تاہم ٹیم مینجمنٹ حتمی فیصلہ میچ سے قبل کرے گی ۔

شیئر: