Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر ممنون نے سعودی شاہی بحریہ کے کمانڈر کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا

  اسلام آباد.... صدر ممنون حسین نے سعودی شاہی بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی کو نشان امتیاز ملٹری عطا کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے قریب ترین دوست ہیں جن کے رشتے کی گہرائی الفاظ میں بیان کرنی مشکل ہے۔ اعزاز عطا کرنے کی خصوصی تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، سعودی سفیر نواف المالکی اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ تقریب کے بعد صدر مملکت سے سعودی بحریہ کے سربراہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے سعودی بحریہ کے سربراہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کی حکومت ہی نہیں بلکہ عوام کے درمیان بھی انتہائی گہرے تعلقات ہیں جو اپنی صحت مندانہ سرگرمیوں کے ذریعے دونوں ملکوں کی معیشت کے استحکام میں اضافہ کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام مسلمانوں کو بھائی قرار دیا ہے۔خواہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں رہتے ہوں۔ انھوں نے کہا ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ آقائے نامدار محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ان تعلیمات پر ہر صور ت میں عمل کیا جائے کیونکہ مسلمانوں کی کامیابی کا راز اسی میں پوشیدہ ہے۔

شیئر: