Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیشنل اسنوکر چیمپیئن شپ جیت کر محمد آصف پھر نمبر ون بن گئے

کراچی:پاکستان اسنوکر ایسوسی ایشن کے تحت ہونے والی 43 ویں نیشنل اسنوکر چیمپیئن شپ سابق عالمی چیمپیئن محمد آصف نے جیت لی۔ کراچی جیمخانہ میں کھیلے جانے والے15 فریمز پر مشتمل فائنل میں محمد آصف نے ساڑھے 4 گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے میں محمد بلال کو5-8 سے مات دیکر ایک مرتبہ پھر قومی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے قومی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی۔ محمد بلال نے اپنے مدمقابل کے خلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن وہ سابق عالمی چیمپئین کے تجربے کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہوگئے۔اس فتح کے ساتھ ہی محمد آصف نے قومی چیمپئن بننے کے ساتھ قومی نمبر ون ہونے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔ اس کامیابی کے بعد وہ قومی چیمپئن کی حیثیت سے34 ویں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کا حقدار قرار پائے، ایشین ایونٹ22 سے28 اپریل ایران کے شہر تبریز میں ہونے والاہے۔قبل ازیں سیمی فائنل میں آصف نے وائلڈ کارڈ انٹری پانے والے محمد ماجد علی کو3-6 سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں محمد بلال نے بابر مسیح کو2-6 سے قابو کر لیا تھا۔ چیمپئن شپ میں14 مرتبہ سنچری بریک کھیلی گئی۔

شیئر: