Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کے کھلاڑیوں تک سٹے باز وں کی رسائی کی کوششیں

 
دبئی:پی ایس ایل 3 کے دوران بھی سٹے بازوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے رابطے کی کوششیں کیں تاہم کھلاڑیوں کی جانب سے بروقت اطلاع دیئے جانے پر اینٹی کرپشن یونٹ مزید چوکس ہو گیا اور سٹے بازوں کو ناکام بنا نے کےلئے اقدامات میں اضافہ کردیا گیا۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق غیرملکی سٹے بازوںنے جن کا تعلق بین الاقوامی گروہ سے ہے، سوشل میڈیا کے ذریعے کرکٹرز کو قابو کرنے کی کوششیں کیں اور اس مقصد کےلئے وٹس ایپ ، فیس ٹائم اور دیگر پلیٹ فارمز کا سہارا لیا گیا تاہم کرکٹرز نے فوری طور پر ٹیم حکام اور اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کردیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کو کرپشن سے پاک رکھنے کےلئے موثر انتظامات کررکھے ہیں جن کی وجہ سے سٹے بازوں کو کامیابی نہیں ہو سکی تاہم اینٹی کرپشن یونٹ نے ٹیموں اور کھلاڑیوں کو خبر دار کیا ہے کہ سٹے باز وں کا یہ گروہ آسانی سے ہار مانے والا نہیں اس لئے سب کو بے حد محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔اینٹی کرپشن یونٹ اس بات سے بھی آگاہ ہے کہ بعض معروف سٹے باز ا مارات پہنچے ہوئے ہیں لیکن اب وہ پہلے کی طرح آسانی سے کھلاڑیوں یا ان کے ہوٹل تک نہیں پہنچ سکتے۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو ان سٹے بازوں کی تصاویر دکھا کر ان سے خبردار رہنے کو کہا گیا ہے۔اینٹی کرپشن یونٹ نے سٹے بازوں کی تازہ کوششوں کے بعد تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کےلئے نئی بریفنگ کا اہتمام بھی کیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی وجہ سے5 کرکٹرز شرجیل خان، خالد لطیف، محمد عرفان، شاہ زیب حسن اور ناصر جمشید کو سزائیں اور بھاری جرمانے ہوچکے ہیں۔

شیئر: