Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین آفریدی کو ٹیسٹ میں ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے ، مکی آرتھر

دبئی:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے کا عندیہ دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کو ٹیسٹ کرکٹ اور طویل بولنگ کاتجربہ دلانے کےلئے ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے پر غور کررہے ہیں۔ امید ہے کہ شاہین آفریدی کی موجودگی فاسٹ بولنگ اسکواڈ کو تقویت دے گی۔کوچ نے کہا کہ تجرباتی بنیادوں پر ٹیسٹ فارمیٹ میں شاہین آفریدی کو ٹیم کے ہمراہ رکھنے کے خواہش مند ہیں۔ پاکستانی ٹیم کو اس سال مئی میں ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ اور انگلینڈ میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں۔پاکستانی ٹیم کے اس دورے کےلئے فاسٹ بولنگ آپشنز میں محمد عامر، حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عباس شامل ہیں۔ آئرش ٹیم ٹیسٹ کا درجہ ملنے کے بعد پہلا ٹیسٹ پاکستان کے خلاف کھیلنے والی ہے اور کرکٹ حلقوں کے مطابق یہ میچ روایتی فارمیٹ میں شاہین آفریدی کی صلاحیتوں کو آزمانے کا اچھا موقع ہے۔ بائیں ہاتھ کے تیز بولر شاہین آفریدی نے ملتان سلطانز کے خلاف 4 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں اور لاہور قلندرز کی پہلی جیت میں اہم کردار ادا کر کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے 17سال کے تیز بولر نے اس سال نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے انڈر 19ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جہاں 5 میچوں میں انہوںنے 12وکٹیں لیں۔شاہین شاہ آفریدی کے بھائی ریاض آفریدی نے 2004 میں نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں2وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 

شیئر: