Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین نے نظر نہ آنے والا میٹریل تیار کرنے کا دعویٰ کردیا

شین زین .... مقامی لیباریٹری میں چینی سائنسدانوں نے ایک انوکھے اورانتہائی اعلیٰ قسم کا میٹریل تیار کیا ہے جو ان سائنسدانوں کے بیان کے مطابق نظر نہ آنے والی چیز ہے اور اسے دھات بھی قرار دیا جاسکتا ہے تاہم اسکی خوبی یہ ہے کہ اس سے لڑاکا جیٹ طیارے بنائے جائیں تو انہیں دیکھنا اور سراغ لگانا ناممکن ہوگا۔ سائنسدانوں کا کہناہے کہ انہوں نے یہ خاص قسم کا مادہ اسلئے تیار کیا ہے کہ انتہائی اہم مقاصد کیلئے اسے استعمال کیا جاسکے۔ مختلف کیمیکلز اوردھاتوں کی مدد سے تیار کردہ مادہ تیار کرنے میں لیباریٹری کو اچھی خاصی محنت کرنی پڑی مگر بار بار کی کوشش کے بعد آخر کار انہیں کامیابی حاصل ہوئی۔ ایک مقامی نیوز سائٹ کا کہناہے کہ چین اس میٹریل کو جنگی طیارے بنانے میں استعمال کرسکتا ہے اور اگر ایسا ہوگیا تو چین کے مخالفین ہزار کوشش کے باوجوداس طیارے کو دیکھ نہیں سکیں گے۔ سائنس دانوں اور انجینیئروں کا کہناہے کہ اس قسم کی پہلے بھی چیزیں تیار کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں مگر اب تک سائنسدانوں کو اس حوالے سے کامیابی نہیں ملی تھی تاہم شین زین میں قائم اس لیباریٹری میں لوگوں نے کمال کر دکھایا ہے۔ چائنا سینٹرل ٹی وی اسٹیشن نے اس حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی تیار کی ہے جس میں دھات کی ساخت، نوعیت اور کارکردگی کی سراحت کی گئی ہے۔ مجموعی طورپر مختلف چیزوں سے تیار کردہ اس میٹریل کو میٹا میٹریل کا نام دیا گیا ہے۔ چین کے ایک اور خبررساں ادارے سائنا کا کہناہے کہ یہ مادہ سب سے پہلے چین کے خاص جنگی طیارے جے 20کی تیاری میں استعمال ہوگا۔ اب تک طیارہ سازی کے شروع ہونے کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس غیر معمولی میٹریل کو چند مزید تجربات سے گزارا جائیگا اور اب تک کے تجربات سے حاصل ہونے والے کوائف سے انکا تقابل کرکے فرق معلوم کرنے کی کوشش کی جائیگی۔

شیئر: