Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رینٹ اے کارکمپنیوں میں سعودائزیشن کی تفتیش شروع ، خلاف ورزیو ں پر چالان

ینبع ، جدہ .... رینٹ اے کار کمپنیوں میں سعودائزیشن کےلئے دی گئی مہلت ختم ہونے پر وزارت محنت نے تفتیش کا آغاز کر دیا ۔ینبع میں متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جبکہ بعض شورومز بند رہے ۔ سبق نیوز کے مطابق یکم رجب ( 18 مارچ )سے وزارت محنت کی تفتیشی ٹیموں نے مملکت کے مختلف شہروں میں گاڑیاں کرائے پر دینے والی کمپنیوں کے دورے کئے تاکہ سعودائزیشن کے عمل کو یقینی بنایا جاسکے ۔ وزارت کی تفتیشی ٹیمو ں نے ینبع شہر کے ان مقامات پر جہاں رینٹ اے کار سروس کے شورومز تھے کا دورہ کیا جن میں سے بعض شورومز پر مہلت ختم ہونے کے باوجود غیر ملکی کارکن کام کررہے تھے جس پر ٹیم نے شوروم کو بند کر کے مالکان کے خلاف چالان کئے ۔ تفتیشی ٹیموں نے ایئر پور ٹ پر موجود گاڑیاں کرائے پر دینے والی کمپنیوں کا بھی دورہ کیا جن پر اکثر سعودی کارکن متعین کر دیئے گئے تھے ۔ ٹیم کے ذمہ دار نے سعودی کارکنوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے کام کی نوعیت بھی دریافت کی تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کارکن ان اداروں میں متعین ہیں یا نہیں ۔ وزار ت کی تفتیشی ٹیم کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ وہ مارکیٹ کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں گے ۔ دریں اثناءجدہ میں بھی وزارت محنت کی تفتیشی ٹیم سرگرم عمل رہی ۔ سب سے پہلے فلسطین روڈ کے علاوہ بوادی اور تحلیہ روڈ پر جہاں رینٹ اے کار سروس کی دکانیں ہیں ٹیم نے متعدد دورے کئے، خلاف ورزیوں پر چالان کاٹے گئے ۔ تفتیشی ٹیم کا کہنا تھا کہ معمولی خلاف ورزیوں پر رینٹ اے کار سروس کے مالکان کو انتباہی نوٹس بھی جاری کئے گئے ۔ واضح رہے کہ مملکت میں وزارت محنت نے متعدد شعبوں میں سعودائزیشن کی ہے جن پر مرحلہ وار عمل کیاجارہا ہے ۔ گاڑیوں کو کرائے پر فراہم کرنے والی کمپنیوں میں 4 شعبے سعودیوں کےلئے مخصوص کئے گئے ہیں جن میں شوروم سپروائزر ، سیلز مین ، کیشیئر اور شوروم منیجر شامل ہیں ۔ مذکورہ شعبوں میں کسی غیر ملکی کو کام کرنے کی اجازت نہیں۔ اس حوالے سے وزارت محنت نے 6 ماہ کی مہلت دی تھی جو 18 مارچ کو ختم ہو گئی ۔

شیئر: