Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز اور زرداری کرپٹ ترین لوگ ہیں،عمران

کراچی ... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لئے رینجرز مستقل حل نہیں ۔جب تک کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے ملک بھی ٹھیک نہیں ہوگا ۔جو لوگ سیاست میں آکر اپنی ذات کو فائدہ پہنچاتے ہیں، وہ ادارے تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 22 سال پہلے سیاست شروع کی تھی تب بھی یہی سوچتا تھا کہ اچھے لوگوں کو پارٹی میں لاوں۔ یہاں سیاست نہیں ، مافیا کا مقابلہ کرنا ہے۔ پہلے کراچی کے حالات بہت برے تھے۔ لوگ خوف کے مارے ہمارا ساتھ نہیں دے رہے تھے۔انہوںنے کہا کہ جب ادارے مضبوط ہوتے ہیں تو لوگ کرپشن کرتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ کاروباری آدمی صرف تحفظ چاہتا ہے۔ ایف بی آر اور دیگر اداروں میں اصلاحات لائیں گے۔ دنیا میں تمام ممالک بلدیاتی نظام کی وجہ سے ترقی کرتے ہیں۔ جب تک بہتر بلدیاتی نظام نہیں آئے گا، تب تک مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی حکومت ہو، اگر وہ تاجروں کو مراعات دے گی تو بہتری آسکتی ہے۔دریں اثناءٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف،شہباز شریف اور زرداری کرپٹ ترین لوگ ہیں۔ چوری یہ کرتے ہیں اور مقروض عوام کو بناتے ہیں۔ قوم غریب اور چور حکمران امیر ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف مفاد پرست آدمی ہے۔کبھی کسی سے مل جاتا ہے۔ کبھی کسی سے۔جب حکمران کرپٹ ہوں تو عام آدمی کو انصاف کیسے ملے گا۔ جب ادارے تباہ ہوتے ہیں تو ملک تباہ ہوجاتاہے۔ اسی پاکستان کو بہتر ملک بنائیں گے ۔ تحریک انصاف ایک تحریک ہے جس کا مقصد نیا پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنون کی کوئی قیمت نہیں ہوتی۔ پیسے سے نظریہ نہیں خریدا جا سکتا۔ پی ٹی آئی کا جنون دوسری جماعتوں میں نہیں آ سکتا۔ تحریک انصاف وہ جماعت ہے جو لوگوں کا سودا نہیں کرتی ۔ انہوں نے کہا کہ وعدہ کرتاہوں سب سے پہلے محنت کشوں کے مسائل حل کرینگے۔ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے ۔
مزید پڑھیں:عمران اور زرداری ایک سکے کے دو رخ ہیں،نواز شریف
 

شیئر: