Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاورزلمی کی فائنل کھیلنے کی ہیٹ ٹرک،کراچی کنگزآوٹ

لاہور:پی ایس ایل 3کے تیسرے اور آخری پلے آف میچ میں پشاور زلمی13رنز سے جیت کرفائنل میں پہنچ گئی زلمی نے تیسری مرتبہ مسلسل فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ 16اوورز تک محدود میچ میں کراچی کنگز جیت کیلئے  171 رنز کے تعاقب میں 157رنز بنا سکی۔پشاور زلمی کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے 25مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا۔ گزشتہ روز کی طرح آج بھی بارش نے موسم خوشگوار کرنے کے ساتھ ساتھ خلل ڈالنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار ہو گیا اور مقررہ 20اوورز کو 16اوورز تک محدود کر دیا گیا۔عماد وسیم کے زخمی ہونے کی وجہ سے کپتانی کے فرائض محمد عامر کو دئیے گئے ۔ شاہد آفریدی گھٹنے کی تکلیف کے باعث ٹیم میں شامل نہیں تھے جس پر انہو ںنے افسوس کا اظہار کیا۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ایونٹ کے تیسرے پلے آف میں کراچی کنگز کے قائم مقام کپتان محمد عامر نے ٹاس جیت کر زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی لیکن ان کا فیصلہ انتہائی مہنگا ثابت ہوا۔اوپنرز کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے جارحانہ انداز اپنایا اور 10اوور میں 120رنز بنا دیئے۔ کامران اکمل نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 17 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری اور 27گیندوں پر 77رنز بنائے اور آوٹ بھی چھکا لگانے کی کوشش میں ہوئے۔کامران اکمل کو جارحانہ بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ کراچی کنگز کو پہلی کامیابی ڈینلی کو 34 رنز پر آوٹ کر کے ملی اس وقت پشاور زلمی کا مجموعی اسکور 107رنز تھا۔لیام ڈاوسن اور محمد حفیظ نے 13،13رنز بنائے ۔ کپتان ڈیرن سامی نے 2چھکے اور ایک چوکا لگاتے ہوئے 12گیندوں پر 23رنز بنائے وہ جارحانہ موڈ میں تھے کہ اونچی شاٹ پر باونڈری پر ڈینلی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔سعد نسیم 2رنز بنا کر غلط فہمی کے باعث رن آوٹ ہوگئے ۔وہاب ریاض بھی اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آوٹ ہو گئے۔پشاور زلمی نے 7وکٹوں پر 170رنز بنائے۔محمد عامر نے نہایت خوبصورت بولنگ کراتے ہوئے 4اوورز میں صرف16رنز دیئے جبکہ عثمان خان کو 3اوورز میں ایک وکٹ لینے کیلئے 48رنز دینا پڑے۔ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کو آغاز پر ہی نقصان اٹھانا پڑا مختار احمد آوٹ ہوگئے۔ اوپنر ڈینلی کے ساتھ بابر اعظم نے میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کی اور نہایت شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ڈینلی نے 4چھکے اور 9چوکے لگا کر 79رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم 2چھکے اور 6چوکے لگاتے ہوئے 63رنز بناکر آوٹ ہوئے ۔ انہوں نے میچ میں گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کی لیکن اوورز کی کمی نے 13رنزقبل ہی ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ حسن علی اورثمین گل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پشاور زلمی 25مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ فائنل میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔
 

شیئر: