Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر مہتمم مولانا سالم قاسمی انتقال کر گئے

    نئی دہلی- - - -دارالعلوم دیوبند کے بزرگ عالم دین،عالمی اسلامی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر مہتمم اور آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈکے نائب صدر مولانا محمد سالم قاسمی انتقال کر گئے ۔ وہ جنوری 1926 ء میں پیدا ہوئے تھے، ان کی عمر 92  برس تھی۔ بدھ کی شام اچانک طبیعت بگڑگئی تھی ۔ ان کا علاج دیوبند میں ہی کرایا گیا لیکن طبیعت نہیں سنبھلی اور ہفتہ کو سہ پہر تقریباً 3 بجے انتقال کر گئے۔ مولانا قاسمی دارالعلوم دیوبند کے بانی محمد قاسم نانوتوی رحمہ اللہ کے پڑپوتے اور سابق مہتم حکیم الاسلام مولانا قاری محمد طیب قاسمی رحمہ اللہ کے بیٹے تھے۔مسلم پرسنل لا بورڈ کے ماضی میں رکن مجلس عاملہ رہ چکے ہیں اور ابھی نائب صدر کے عہدے پر فائز تھے۔ اس کے علاوہ مجلس مشاورت، رکن مجلس انتظامیہ وشوریٰ ندوۃ العلما، رکن مجلس شوریٰ مظاہرالعلوم وقف، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کورٹ کے رکن، سرپرست کل ہند رابطہ مساجد، سرپرست اسلامک فقہ اکیڈمی جیسے اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مولاناکی وفات کی خبر ملتے ہی معروف عالم دین وممبر پارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی جو امارت شریعہ کے دین بچاؤ دیش بچاؤ کانفرنس میں شرکت کیلئے پٹنہ پہنچے ہی تھے کہ فوراً لواحقین سے اظہار تعزیت اور تجہیز وتکفین میں شرکت کیلئے  دیوبندروانہ ہو گئے۔ انہوں نے مولانا کی وفات پر اپنے دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی وفات سے دیوبند ہی نہیں ملک بھر کے مسلمانوں کا عظیم خسارہ ہوا ہے۔ مولانا سالم قاسمی کی نماز جنارہ  رات گئے  ادا کر دی گئی۔
مزید پڑھیں:- - - -انسداد مظالم ایکٹ کی طرح ’’مکو کا ‘‘ کو بھی ختم کیا جائے، اسد اویسی

شیئر: