Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائی ٹورنامنٹ کا آغاز

محمد عرفان شفیق۔ کویت 
آئی سی سی ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی ایشیا " اے " ریجن کوالیفائی ٹورنامنٹ کویت میں شروع ہوگیا، جس میں سعودی عرب، کویت، مالدیپ، قطر، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی ٹیمیں شامل ہیں۔ افتتاحی میچ میزبان کویت اور مالدیپ کے مابین کھیلا گیا ۔ کویت نے ٹاس جیت کر 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 169 رنز بنائے۔ تعاقب میں مالدیپ کی ٹیم 17 اوور زمیں 68 پر آوٹ ہو گئی۔ کویت کے عثمان وحید 32 اور محمد اصغر66 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔مالدیپ کے2 کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا اور پوری ٹیم 16.4 اوورز میں 68 رنز بنا کرآوٹ ہو گئی۔ عمران علی نے بہترین بولنگ کا مظاہر ہ کیا اور 2.4 اوورز میں 2 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ عمران علی کی بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا اعزاز بھی دیا گیا ۔ دوسرے میچز میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے قظر کو 6 وکٹوں اور سعودی عرب کی ٹیم نے بحرین کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2020 ءمیں آسٹریلیا میں منعقد ہوگا جس میں ایشیائی ٹیمیں بھی کھیلنے کیلئے پر امید ہیں اور بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔ آئی سی سی کے ڈویلپمنٹ آفیسر اقبال سکندر نے کہا کہ جس طرح عمان اور افغانستان کی ٹیمیں آگے گئی ہیں، اسی طرح عرب ممالک کی ٹیمیں بھی اچھے کھیل کے ذریعے آگے بڑھیں گی۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ سے قبل آئی سی سی کے نمائندوں اور کویتی کرکٹ بورڈ کے ارکان نے کیک بھی کاٹا۔ اس سے قبل ٹیم کی آمد پر ٹرافی کی رونمائی تقریب بھی منعقد کی گئی۔

شیئر: