Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میکونو سعودی عرب میں داخل، طوفان کے وقت رہائشی کیا کریں؟

ریاض:محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ میکونو طوفان کے وقت شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ کھانے پینے کی اشیاءکے علاوہ ابتدائی طبی امداد اور ضروری ادویہ کا پیشگی انتظام کرنا چاہئے۔ طوفان کے وقت گھروں تک محدود رہا جائے اور دروازے اور کھڑکیاں بند کردی جائیں۔سرکاری ذرائع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔ طوفان کے وقت گھر سے باہر نہ نکلا جائے نیز وادیوں، گھاٹیوں، نشیبی علاقوں اور سیلاب کی گزرگاہوں سے دور رہا جائے۔
مزید پڑھیں:میکونو الخرخیر اور صحرائے ربع الخالی کی طرف
واضح رہے کہ میکونو طوفان آج ہفتہ کوکچھ دیر بعد سعودی عرب کے جنوبی حدود سے ٹکرائے گا۔ اس کی وجہ سے متعدد علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش ہوگی جس کے باعث وادیوں سمیت نشیبی علاقے پانی سے بھر جائیں گے۔ محکمہ موسمیات کی اطلاعات کے مطابق میکونو طوفان الخرخیر سمیت نجران ریجن کی کمشنری شرورہ کے علاوہ سلطنت عمان کے ساتھ سعودی عرب کے سرحدی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ یہاں طوفان کے باعث ہوا کی رفتار80کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی جس کے باعث گرد وغبار کا طوفان بھی ہوگا۔ حد نگاہ متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ میکونو طوفان سے ریاض ریجن کی جنوبی کمشنریاں الافلاج، وادی الدوسر اور لیلی کے علاوہ العبیلہ کو بھی جزوی طور پر متاثر کرے گا۔ یہ کیفیت آج ہفتہ سے منگل تک رہے گی۔

میکونو طوفان، اپ ڈیٹ رہیں

شیئر: