نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کل حلف اٹھائیں گے
اسلام آباد... قومی اسمبلی کااجلاس پارلےمنٹ ہاوس میں پیرکی صبح 10 بجے ہوگا، نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ اسپیکر سردارایازصادق نومنتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے اور کارروائی ختم ہوجائےگی۔15 اگست کو اسپیکر اورڈپٹی اسپیکر اور 16 اگست کو وزیراعظم کاانتخاب ہو گا جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کےلئے ملتوی کردیاجائےگا۔الیکشن کمیشن کے مطابق زائد نشستوں پرکامیاب رکن اسمبلی کوحلف اٹھانے سے قبل ایک نشست رکھ کر دیگرنشستوں سے استعفیٰ الیکشن کمیشن میں جمع کراناہوگا۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق نومنتخب ارکان کی اجلاس میں شر کت اور حلف برداری ، اسپیکر و ڈپٹی ا سپیکر اور وزیر اعظم کے انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طر ف سے جاری کیا جانے والا کارڈ لازمی ہو گا ۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق نومنتخب ارکان کے کوائف اکٹھا کرنے اور قومی اسمبلی کے کارڈز کے اجراء کے لئے پارلیمنٹ ہاو¿س کے کمیٹی روم نمبر 2 میں خصوصی سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے۔ افتتاحی اجلاس کے لئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ کسی شخص کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کارڈ کے بغیر پارلیمنٹ ہاوس میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔