Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پولیس مقابلہ: غفار ذکری ساتھی اور 3 سالہ بیٹے سمیت ہلاک

کراچی:  لیاری گینگ وار کا کمانڈر غفار ذکری پولیس مقابلے میں ساتھی سمیت مارا گیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کی جانب سے لیاری کے معروف علی محمد محلے میں غفار ذکری کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی گئی جس میں ملزمان کی جانب سے پولیس پارٹی پر گولیاں چلانے کے علاوہ دستی بم پھینکے گئے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد بدنام زمانہ گینگ وار کمانڈر غفار ذکری اور اس کا قریبی ساتھی چھوٹا زاہد مارا گیا جبکہ 2 مبینہ ملزمان کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک سب انسپکٹر سمیت 2 پولیس اہل کار زخمی بھی ہوئے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ڈی آئی جی کراچی جنوبی جاوید عالم نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ کارروائی کے دوران ہلاک اور گرفتار ملزمان سے بڑی تعداد میں بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔بتایا گیا ہے کہ مقابلے کے دوران غفار ذکری کا 3 سالہ بیٹا بھی جاں بحق ہوا جسے ملزم نے ڈھال بنا رکھا تھا۔ بچے کی ہلاکت پر پولیس کو انتہائی افسوس ہے۔
غفار ذکری قتل، بھتا خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت 100 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا اور اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے تھی۔ 2010ء تک غفار ذکری لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے گروہ کا حصہ رہا تاہم بعد میں اس نے ارشد پپو کے ساتھ اپنا گروپ تشکیل دے دیا تھا۔ 2013ء میں کراچی آپریشن کے آغاز پر وہ روپوش ہوگیا تھا مگر اس کی باوجود کارروائیاں جاری رکھے ہوئے تھا۔
مزید پڑھیں:- - - -نواز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے نیب سرگرم

شیئر: