Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ویلفیئرسوسائٹی جدہ کے صدر ڈاکٹر خلیل الرحمان کے اعزاز میں الوداعیہ

 اللہ    کسی  سے کام لینا چاہتا ہے تو اسکو اپنے راستے کیلئے چن لیتا ہے،ڈاکٹر خلیل سے بہت کچھ سیکھا ،انکی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں ، تقریب سے مقررین کااظہار خیال
 سید شہاب الدین ۔ جدہ
    پاکستان  ویلفیئر سوسائٹی جدہ   کے زیرِ اہتمام    مقامی ریسٹورنٹ  میں    سوسائٹی کے صدر  ڈاکٹر خلیل الرحمن  کے اعزاز میں   الوداعی تقریب  کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان  ویلفیئر سوسائٹی کے ممبران  اور  جدہ کی  مختلف سماجی تنظیموں کے عہدیداران نے بھرپور شرکت کی ۔  ڈاکٹر خلیل  جدہ کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال   و  ریسرچ سینٹر میں گزشتہ 16 برس سے  بحیثیت میڈیکل اسپیشلسٹ  اینڈ نیفرولوجسٹ    خدمات  انجام دے  رہے تھے۔ قبل از ایں  انہوں نے  نیشنل گارڈ ہسپتال میں بھی  بطور اسپشلسٹ ڈاکٹر خدمات پیش کیں۔  تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا  جسکی سعادت قاری محمد آصف  نے  حاصل کی۔ محمد نواز جنجوعہ نے نعت مقبول رسول  مقبول پیش کی۔ پاکستان قونصلیٹ جدہ کے  قونصلر ویلفئیر ماجد حسین میمن  تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔  صدارت  خالد ضیاء   نے کی۔ PWS  کے   جنرل سیکریٹری  ڈاکٹر محبوب صدیقی نے نظامت کی۔   پاکستان ویلفئیر سوسائٹی کے  نو  منتخب صدر خالد ضیاء   نے  اظہار خیال کرتے  ہوئے کہا کہ وہ عرصہ 12 برس  سے ڈاکٹر صاحب  کی زیر سرپرستی کام کر رہے ہیں۔  اب پی ڈبلیو ایس کی صدارت کی  بھاری ذمہ داری ان کے کاندھوں پر ڈال دی گئی ہے۔پاکستان قونصلیٹ جدہ کے قونصلر ویلفئیر   ماجد  حسین میمن نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر خلیل  الرحمن کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا    ۔  انہوں نے  جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ  اگر آپ کے پاس  انکے حل کے لئے  کسی قسم کی تجاویزہوں تو وہ انہیں براہ راست ارسال کر سکتے ہیں۔  PWS کے نائب صدر شریف زمان نے کہا کہ  وہ  14 برس  سے ڈاکٹر خلیل کے ساتھ کام کر رہے ہیں  اب انہیں الوداع کہنا کچھ عجیب سا لگ رہا ہے۔  پاکستان ویلفئیر سوسائٹی کے بانی رکن انجنئیر محمد منشاء نے کہا کہ جب اللہ تعالی جب کسی شخص سے کام لینا چاہتا ہے تو اسکو اپنے راستے کے لئے چن لیتا ہے  اور جس کو اللہ تعالی چن لے تو اسکا ساتھ  دینے میں سب کی بھلائی ہے۔ ہم نے ڈاکٹر خلیل سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ اور ہم فخر کرتے ہیں کہ ہمیں ڈاکٹر خلیل جیسا بے لوث اور سچا انسان ملا۔  پی ڈبلیو ایس کے سابق سیکرٹیری جنرل ڈاکٹر امجد عبید نے اپنے  خطاب میں    بہت خوبصورت الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا  ڈاکٹر خلیل    ایک ایسی شخصیت کا نام ہے جس نے  خدمت خلق کو ہمیشہ ایک مشن سمجھ کر کیا۔ PWS کے بنیادی رکن اور سپریم کونسل کے ممبر انور انجم نے کہا میں  یہ تصور بھی نہیں کرسکتا  کہ ڈاکٹر صاحب  ہمارا ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔  انور انجم نے  کہا کہ ڈاکٹر خلیل نے  ایبٹ آباد میں بڑی محنت سے  پاکستان کڈنی سینٹر کے نام سے جو   پودا لگایا تھا اسکی آبیاری  کے لئے اب انکی  وہاں  موجودگی بہت ضروری ہے۔پی ڈبلیو ایس کی لیڈیز ونگ کی انچارج ڈاکٹر رابعہ خاتون نے بہت خوبصورت  الفاظ  میں ڈاکٹر خلیل کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر نعمان نے کہا کہ انہوں نے ڈاکٹر خلیل کو  ہمیشہ سچا، انتھک محنت کرنے والا  اور اپنے کام میں  مخلص پایا۔  ۔کیمپ انچارج  محمد یونس عبدالستار نے  اظہار خیال کرتے  ہوئے کہا کہ ڈاکٹر صاحب   ایک نرم دل انسان ہیں جو ہمیشہ ضرورت مندوں  کے کام آتے ہیں ، ہمیں انکی بہت کمی محسوس ہوگی۔ راقم نے ڈاکٹر  خلیل کی انسانی ہمدردی کے جذبے کو سرہا ۔    فاروق راشد فاروقی ،  سید مسرّت خلیل اور        عالمی اردو مرکز کے سیکریٹری جنرل حامد اسلام خان نے  کہا کہ زندگی میں  اب تک  وہ جتنے لوگوں سے ملے ہیں ان میں سب سے نمایاں نام ڈاکٹر خلیل کا ہے۔   بیگم خلیل ڈاکٹر عذرا نیلو فر نے کہا کہ  انہیں  پاکستان ویلفئیر سوسائٹی  میں رہ کر لوگوں کی خدمت  کرنے کا موقع ملا۔   ڈاکٹر خلیل  الرحمن نے   اپنے خطاب کرتے  ہوئے کہا کہ   مجھے یہاں سے جانے اور آپ لوگوں سے رخصت ہونے  کا بہت دکھ ہے۔  آپ لوگوں کے تعاون کے بغیر میں اکیلا کچھ بھی نہیں کرسکتا تھا۔    پاکستان جا کر  ایبٹ آباد میں قائم  مفت کڈنی سینٹر کے لئے اپنی خدمات وقف کردونگا۔   فری میڈیکل کیمپ کے حوالے سے گفتگو کرتے  ہوئے  انہوں نے کہا کہ  ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہماری دیکھا دیکھی ریاض اور طائف میں بھی پاکستانی سفارتخانے کے زیر سرپرستی  فری میڈیکل کیمپ کا وجود عمل میں آیا جو  وہاں مقیم غریب پاکستانیوں کی صحت کے حوالے سے  مفت  خدمات پیش  کر رہا ہے ۔ انہوں  نے  پی ڈبلیو ایس کی ٹیم  کو مخاطب کرتے   ہوئے امید ظاہر کی کہ  انکے جانے کے بعد تمام لوگ اسی طرح  ایک  فیملی کی طرح کام کرتے رہیں گے۔  انہوں نے  کہا کہ  جدہ میں قیام کے دوران اگر میری طرف سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں آپ بھی معاف فرمائیں۔آخر میں پاکستان ویلفئیر سوسائٹی کی جانب سے  ڈاکٹر خلیل  الرحمن کو ایک شیلڈ پیش کی گئی۔   پاکستان ویلفئیر سوسایٹی کے  دیرینہ ساتھی محمد   نواز جنجوعہ کے جواں سال صاحبزادے  مبشر نواز  جنجوعہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور دعائے مغفرت  کی گئی ۔
مزید پڑھیں:-  - - - -الجبیل میں موسم سرما کی آمد کے حوالے سے رنگا رنگ پروگرام

شیئر: