Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی ہاکی ورلڈ کپ میں پہلی فتح

بھوبنیشور:ہاکی ورلڈ کپ دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی ٹیم نے فاتحانہ انداز میں ایونٹ کا آغاز کرتے ہوئے آئرلینڈ کو شکست دے دی جبکہ انگلینڈ اور چین کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ہند کے شہر بھوبنیشور میں جاری ہاکی کے عالمی کپ میں آسٹریلیا نے 11ویں منٹ میں پینالٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔28سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کے باوجود آئرلینڈ نے میچ میں کمال مہارت کا ثبوت دیا اور پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل شان مرے کے پاس پر شین ڈونوگو نے گیند کو گول میں ڈال کر مقابلہ برابر کردیا۔میچ کے دوسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن تیسرے کوارٹر میں عالمی چیمپیئن ٹیم نے گول اسکور کر کے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کر لی۔اس کے بعد آئرلینڈ نے کاونٹر اٹیک پر گول کرنے کی متعدد کوششیں کیں لیکن وہ مقابلہ برابر نہ کر سکے اور آسٹریلیا نے میچ میں1-2سے فتح حاصل کر لی۔یاد رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم لگاتار 2 مرتبہ ورلڈ کپ جیت چکی ہے اور 2018ءکا ایونٹ جیت کر لگاتار 3 ورلڈ کپ جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن سکتی ہے۔ دوسرا میچ انگلینڈ اور چین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جہاں چین کی ٹیم نے عالمی نمبر 7 انگلینڈ کو کامیابی سے محروم کردیا۔میچ کیلئے فیورٹ قرار دی جانے والی انگلش ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب پانچویں منٹ میں چین کے ژیاوپنگ نے انگلینڈ کے 3دفاعی کھلاڑیوں کو مات دیتے ہوئے خوبصورت گول اسکور کیا البتہ ان کی برتری زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور انگلینڈ نے میچ میں گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا۔اس کے بعد انگلینڈ نے میچ میں برتری کے حصول کی کئی کوششیں کیں لیکن وہ اگلے دونوں کوارٹرز میں چینی دفاعی حصار کو توڑنے میں ناکام رہے ، 48ویں منٹ میں لیام انسل نے اس جمود کو توڑتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔چین کی ٹیم نے خسارے میں جانے کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور میچ ختم ہونے سے ایک منٹ قبل انہوں نے گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ 
کھیلوں کی مزید خبرے اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: