Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”نومسلم بھائی“وہ ہیرے ہیں جنہیں رب نے ہدایت کےلئے منتخب کیا، بہجت نجمی

ہمارا کام دعوت دیتے رہنا ہے ، کار خیر میں ہر شخص اپنا حصہ شامل کرے ، مولانا حفظ الرحمان سیوہاروی اکیڈمی کیجانب سے نومسلموں کے اعزاز میں منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) مولانا حفظ الرحمان سیوہاروی اکیڈمی کے صدر بہجت ایوب نجمی نے کہا کہ اسلام قبول کرنے والے ان نومسلموں کی مثال ہیروں جیسی ہے جو کوئلے کی کانوں سے برآمد ہوتے ہیں ۔ وہ مقامی ریستوران میں اکیڈمی کی جانب سے نومسلموں کے اعزازمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں معروف داعی شیخ سلمان بھی موجود تھے جن کی دعوت سے اب تک سیکڑوں افراد راہ حق کو اپنا چکے ہیں ۔ نجمی نے مزید کہا کہ دعوت الی اللہ ہمارا بنیادی کام ہے جس میں کوتاہی پر روز قیامت کیاجواب دیں گے۔ دعوت کے کام کو جاری رہنا چاہئے اور اس میں ہر شخص اپنی جگہ رہتے ہوئے اپنا حصہ شامل کرے ۔ دعوت و تبلیغ کا یہ کاررواں جاری رہے گا جس کے ذریعے لوگ راہ حق کو پاتے رہیں گے ۔ نجمی کا کہنا تھا کہ آج ہمارے درمیان جو یہ نومسلم بھائی موجود ہیں انہیں رب تعالیٰ نے لاکھوں کے مجموعہ سے منتخب کیا ہے ا سلئے یہ ہمارے لئے باعث افتخار ہے کہ انکے اعزاز میں تقریب منعقد کر کے انہیں اس بات کااحساس دلایا جائے کہ وہ ہم میں سے ہیں۔ اگر میرے وسائل ہوتے تو میں ان کےلئے یہاں سے سب سے بڑے ا ور عالی شان ہوٹل میں تقریب منعقد کرتا تاہم اس بات کی خوشی ہے کہ آج یہاں مختلف ممالک اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے بھائیوں نے شرکت کرکے اپنے نومسلم بھائیوں کی ہمت افزائی کی ۔ ہمارے ان بھائیوں کو آپکی جانب سے حوصلہ افزائی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ انہو ں نے جس معاشرے میں آنکھ کھولی اور زندگی کے نشیب و فراز سے گزر کر یہاں تک پہنچے ان کی مدد اور مستقل رہنمائی فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔ تقریب سے ارشد سعید نے بھی خطاب کرتے ہوئے نومسلموں کو مبارکباد پیش کی اور انکے لئے استقامت کی دعا کی ۔ معروف داعی شیخ سلمان جن کے ہاتھوں اب تک سیکڑوں کی تعداد میں لوگ راہ حق کواختیار کر چکے ہیں کا کہنا تھا کہ اپنے ان نومسلم بھائیوں کے ساتھ انصار مدینہ کا کردار ہم سب کو ادا کرنا ہے کہ اب انہیں ہماری اشد ضرورت ہے ۔ ہم میں سے ہر ایک اپنی اپنی جگہ رہتے ہوئے ان بھائیوں کےلئے کام کرے اور دعوت کے کام کو جاری رکھے ۔ تقریب میں نومسلموں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے اور راہ حق قبول کرنے پر مبارکباد کے ساتھ استقامت کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا ۔ 

شیئر: