Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ: کپڑے جمع کرنے کےلئے نصب ڈبے ہٹا ئے جائیں ، بلدیہ کی ہدایت

مکہ مکرمہ۔۔۔ مکہ مکرمہ کی بلدیہ نے تمام ذیلی بلدیات کے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے تمام علاقوں میں پرانے کپڑے جمع کرنے والے ڈبے اٹھا لئے جائیں ۔ مکہ اخبار کی اطلاع کے مطابق مختلف فلاحی تنظیموںکی جانب سے لوگوں سے پرانے کپڑے جمع کر کے انہیں ضرورت مندوں میں تقسیم کرنے کی غرض شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصی ڈبے نصب کئے گئے تھے ۔ ڈبوں میں لوگ اپنے فالتو کپڑے ڈال دیتے تھے ۔ فلاحی تنظیمیں ان کپڑوں کو جمع کر نے کے بعد انہیں پیکٹوں میں بند کرکے مملکت اور بیرون ملک ضرورت مند افراد میں تقسیم کرتی تھیں ۔ بلدیہ کی جانب سے فلاحی تنظیموںکو ہدایت کی گئی ہے کہ کپڑے جمع کرنے کےلئے باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد ڈبے ان مقامات پر رکھے جائیں جس کی بلدیہ اجازت دے ۔ اس ضمن میں بلدیہ کا کہنا تھا کہ جو ڈبے رکھے گئے ہیں ان میں سے کسی کی اجازت حاصل نہیں کی گئی ۔ مرکزی بلدیہ کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے فوری بعد ڈبوں کو ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیاہے ۔ اطلاع کے مطابق اب تک مکہ مکرمہ کے جنوبی علاقے کی ذیلی بلدیہ کے اہلکاروں نے 21 ڈبے اٹھا کر انہیں بلدیہ کے یارڈ میں جمع کروا دیا ہے ۔ اس حوالے سے بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کو یہ کام بہت پہلے کرنا چاہئے تھا کیونکہ اجازت حاصل کئے بغیر اس طرح کے ڈبوں کی تنصیب سے بعض مفاد پرست لوگ فائدہ اٹھاتے ہیں اور وہ ان ڈبوں میں جمع ہونے والے کپڑے لے کر انہیں پرانا سامان فروخت کرنے والی مارکیٹوں میں فروخت کرکے منافع حاصل کر رہے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ تمام علاقوں سے یہ ڈبے اٹھائے خاص کر وہ ڈبے جو محلوں کے داخلی مقامات پر رکھے گئے ہیں جن کی وجہ سے اہل علاقہ کو کافی دشواری کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔ دوسری جانب بعض لوگوں نے ان ڈبوں کو مفید بھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح پرانے کپڑے جمع کرکے انہیں ضرورت مندوں تک پہنچانے کا کام اچھا تھا جس سے ان لوگوں کو مناسب کپڑے مفت مل جایا کرتے تھے جو خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے ۔ 

شیئر: