Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری مالیت میں 36فیصد کمی

 پرائس انڈیکس میں اضافہ، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 16ارب ریال کا اضافہ، ڈیویڈنڈ کے متعدد اعلانات، دلہ ہیلتھ شامل
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ کی کاروباری مالیت میں 36فیصد کمی کے بعد 11ارب ریال رہ گئی۔ سود وں اور حجم میں بھی بالترتیب 20فیصد اور 26فیصد کمی دیکھی گئی مگر اس کے باوجود تداول آل شیئر انڈیکس 65.31پوائنٹس کے اضافے کے بعد 7914.29 پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ کاروباری مالیت میں کمی کے باوجود پرائس انڈیکس میں اضافہ ، سعودی اسٹاک مارکیٹ کی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں کے اندرونی استحکام کا پتہ دیتی ہے۔ قیمتیں بڑھنے سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن 16ارب ریال کے اضافے کے ساتھ1879ارب ریال تک بڑھ گئی۔ مارکیٹ کا پی ای ریشو 15.86سے بڑھ کر15.99پر پہنچ گیا جو اس بات کا پتہ دیتا ہے کہ مارکیٹ کچھ مہنگی ہوگئی ہے۔ انفرادی کمپنیوں میں قیمتوں میں اضافے کے لحاظ سے عنایہ انشورنس ٹاپ پر رہی جس کی قیمت 33.29فیصد فروغ کے بعد 19.90 ریال پر بند ہوئی جبکہ منافع کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر الائنس سعودی فرانسی کوآپریٹو انشورنس کمپنی رہی جسکی قیمت 21.46فیصد اضافے کے بعد 31.70ریال تک بڑھ گئی جبکہ امانہ انشورنس کی پرائس 21.01فیصد فروغ کے بعد 25.05ریال پر بند ہوئی۔ واضح رہے کہ تداول نے عنایہ انشورنس اور امانہ انشورنس کو ان کمپنیوں میں شامل کیا ہوا ہے جو اپنے سرمائے کا 20سے35فیصد حصہ کھو چکی ہیں۔ اس لئے سرمایہ کاروں کو ہوشیاری سے سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔ نقصان کے لحاظ سے سوی کارپوریشن وابل رائٹ فنڈ ٹاپ پر رہی جس کی قیمت 5.02فیصد کمی کے بعد 8.51ریال پر اختتام پذیر ہوئی جبکہ فیفک رائٹ فنڈ کی قیمت 3.62فیصدانحطاط کے بعد 8.52ریال پر بند ہوئی۔ ہیوی ویٹ سابک کی قیمت 0.66فیصد کمی کے بعد 120ریال پر بند ہوئی۔ تداول میں شامل متعدد کمپنیوں نے اپنے سالانہ مالیاتی نتائج کے ساتھ ڈیویڈنڈ کے اعلانات کئے ہیں جن میں دلہ ہیلتھ اور نیشنل شپنگ نے 15،15فیصد اور الریاض بینک نے 4فیصد کیش ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کے اعلانات کئے ہیں۔

شیئر: