Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بڑا تجارتی خسارہ ورثے میں ملا،عمران خان

 اسلا م آباد ...وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت منظم اور بھرپور عوامی تحریک کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے۔اس کا مقصد عوام کی حقیقی سماجی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ملک کی معاشی ترقی یقینی بنانا ہے۔وزیر اعظم سے پیر کو فیصل آباد ڈویڑن اور گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات کر رہے تھے۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کے حل, ترقیاتی منصوبوں، نوجوانوں اور ہنر مند افراد کے لئے روزگار کی فراہمی، چھوٹے صنعتکاروں کو درپیش مشکلات کے حل، کاشتکاروں کو جائز منافع یقینی بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ ملاقات میں فیصل آباد شہر اور گوجرانوالہ ڈویژن کے مسائل خصوصی طور پر فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے بنچ کے وکلا ء مطالبے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔دریں اثناءعمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اب تک جو غلطیاں ہوئیں انہیں ٹھیک کرنا چاہتے ہیں، گزشتہ حکومت کی جانب سے بڑا تجارتی خسارہ ورثے میں ملا جسے کم کرنے کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات 24 ارب ڈالر کے قریب ہیں۔ ملائیشیا کی برآمدات 200 ارب ڈالرتک پہنچ چکی ہیں۔ ماضی میں تجارت اور برآمدات کے حوالے سے سوچا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تجارت کے لئے مشکل ماحول رہا ہے۔ تاجروں کو سہو لتیں دینے کے لئے کام کررہے ہیں۔چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو بہتر کرنا ہے۔ کاروباری طبقے اور برآمد کنندگان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ملک میں سرمایہ کاری اور تجارت سے خوشحالی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے ذہنوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔سوچ میں تبدیلی مستقبل کے لئے ضروری ہے۔ کامیابی کا راز ہے کہ غلطیوں سے سیکھا جائے۔ اس وقت قوم کا ذہن اور بیوروکریسی کا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں۔

شیئر: