Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علماءکانفرنس کامیاب رہی ، مملکت کی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے ،ترابی

مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات میں ہی ہے ، عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی مودی کو مذاکرات کےلئے خط لکھا مگر وہاں خاموشی ہی رہی ، کشمیر کمیٹی کے ارکان سے ملاقات
جدہ(محمد عامل عثمانی) وادی کشمیر کو ہندوستانی تسلط اور ظلم سے نجات دلانے کیلئے سفارتی کوششیں نا کافی ہیں۔یہ کاوشیں مجاہدین کی قربانیوں کے سامنے بہت کم ہیں۔ یہ بات آزاد کشمیر کی قانون ساز کمیٹی کے رکن تحریک آزادی کشمیر کے رہنما عبدالرشید ترابی نے کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود احمد پوری کے ظہرانے میں کشمیر کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وہ رابطہ عالم اسلامی کے اجلاس میں شرکت کرنے کےلئے آئے تھے ۔ اس حوالے سے انکا کہنا تھا کہ علماءو مشائخ کی کانفرنس انتہائی کامیاب رہی جسکے لئے حکومت سعودی عرب کی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔ ترابی نے ملت اسلامیہ کے اتحاد اور اتفاق کےلئے خادم حرمین شریفین کی جانب سے کی جانے والی کاوششوں کو بھی سراہا۔انہوں نے کشمیر کمیٹی جدہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت ہے کہ میڈیا اور نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر سے آگاہی دلائی جائے۔انہوں نے پاکستان کی گزشتہ کشمیر کمیٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نئی حکومت کو کشمیر کمیٹی کی سربراہی کیلئے راجہ ظفر الحق، مشاہد حسین یا فخر امام کے ناموںپر غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ کے نئے اراکین سے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے افسوس و مایوسی ہوتی ہے کہ انہیں خود مسئلہ کشمیر کا علم ہی نہیں۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مسئلہ صرف بات چیت کے ذریعہ ہی حل ہوگا دونوں  ممالک ایٹمی طاقت ہیں تباہی پھیلانا دونوں کے مفاد میں نہیں۔ ہندوستان ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔ عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی مودی کو مذاکرات کیلئے خط لکھا مگر ہندوستان صرف دہشت گردی پر یقین رکھتا ہے۔ مذاکرات کی میز پر بیٹھنا نہیں چاہتا کہ اسکے پاس کہنے کیلئے کچھ نہیں۔ ہند دنیا بھر میں سرمایہ کاری پر  قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ جس ملک میں امن وامان کی یہ حالت ہو وہاں سرمایہ کاری کون کرے گا ۔مودی کو اپنی عوام کی معیشت سے نہیں مسلمانوں کے قتل عام سے محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین قربانیاں دے رہے ہیں ضرورت ہے کہ حکومت پاکستان دنیا بھر میں اپنے سفارت خا نوں کو مسئلہ کشمیر پر مضبوط سفارت کاری کی فوری ہدایت دے۔  

شیئر: