Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کا کھلاڑیوں کیلئے انتباہ

  لاہو:پاکستان ہاکی فیڈریشن کے قائم مقام سیکرٹری ایاز محمود کا کہنا ہے کہ غیر ملکی لیگز کیلئے قومی کیمپ چھوڑنے والے کھلاڑیوں کے لئے ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہو گی اورٹیم میں اب وہی رہے گا جس کی پہلی ترجیح پاکستان ہوگا۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پرولیگ کیمپ کا آغاز ہوگیا اور پہلے روز 7 کھلاڑی فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہوئے۔ کیمپ میں 50 سے زیادہ کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ کیمپ میں2کھلاڑیوں علی شان اور توثیق ارشد نے رپورٹ نہیں کی۔ دونوں کھلاڑی نجی مصروفیات کے باعث چند روز بعد کیمپ جوائن کریں گے۔ اس کے علاوہ قومی ہاکی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ اور منیجر سعید خان ایک روز بعد کیمپ جوائن کریں گے۔ہیڈ کوچ سعید خان اور قائم مقام سیکریٹری ایاز محمود کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد انہیں شارٹ لسٹ کریں گے۔ٹیم مینجمنٹ نے سیشن میں تمام کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لئے جس کے دوران 7 کھلاڑی مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکے۔ چند لڑکوں کی فٹنس متاثر کن رہی تاہم اکثریت کو فٹنس میں بہتری لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم 24 جنوری کو ارجنٹائن روانہ ہو گی جہاں ایونٹ کا پہلا میچ 2 فروری کو ہوگا۔ ایاز محمودکا کہنا تھا کہ ڈسپلن اور کھیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کی انٹرنیشنل کامیابیوں کی کنجی ملکی کوچ کے پاس ہی ہے البتہ غیر ملکی ٹرینرز کی خدمات حاصل کرنے میں کوئی حرج نہیں ۔ا نہوںنے کہا کہ تمام اولیمپئنز کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دروازے کھلے ہیں ، آئیں اور قومی کھیل کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: