Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ہاکی فیڈریشن کو پرولیگ کیلئے 12کروڑ روپے کی ضرورت

لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو لیگ میں شرکت کیلئے حکومت سے 12 کروڑ روپے مانگ لئے۔ ایسوسی ایٹ سیکریٹری پی ایچ ایف ایاز محمود کا کہنا ہے کہ 20 جنوری تک فنڈز جاری نہ کئے گئے تو نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ کوچ دانش کلیم کے ساتھ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس میں ایاز محمود نے کہا کہ دو روز قبل وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہمیں 27 کروڑ دیے جبکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ ساڑھے 3سال میں ہمیں صرف32 کروڑ کی گرانٹ ملی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سے 22 کروڑ کی گرانٹ ملی اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے 20 لاکھ دیے۔ ایاز محمود نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کیلئے ہماری ٹیم نے ارجنٹائن جانا ہے،جس کےلئے اڑھائی کروڑ روپے درکار ہیں،اس کے بعد لیگ کیلئے ہم نے آسٹریلیا جانا ہے جہاں ہمیں 18 میچ کھیلنے ہیں۔حکومت سے درخواست ہے کہ فنڈز فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم پروہاکی لیگ میں شرکت نہیں کرتے تو دو سال کی معطلی اور جرمانہ ہوگا۔ایک سوال پر سیکریٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کے پاس ایک کروڑ 75 لاکھ روپے ہیں۔2020 اولمپکس کیلئے پروہاکی لیگ کھیلنا ضروری ہے جبکہ ہاکی فیڈریشن کو10 سے 12کروڑ کی ضرورت ہے۔ سابق دور میںبھی حکومت کی گرانٹ پر ٹیم جاتی تھی۔اس موقع پر قومی کوچ دانش کلیم کا کہنا تھا کہ گرانٹ آ جائے گی تو فیڈریشن کے حالات بہتر ہوجائیں گے جبکہ دو سال کی پابندی لگنے کے بعد یہاں ہاکی کے بجائے صرف سیاست ہی رہ جائے گی۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: