Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند خام خیالی کو پروان چڑھانے کی کوشش میں ٹھوکر کھا گیا

دبئی: کھیل اور کھلاڑیوں کے حوالے سے امتیازی رویے پر ہند کے خلاف پہلی باضابطہ کارروائی کے نتیجے میں ہند کو ایشین اسنوکر ٹورنامنٹ کی میزبانی سے محروم کردیا گیا ۔ ہند پاکستان کو کھیلوں کی دنیا میں اکیلا کرنے کی خام خیالی کو پروان چڑھانے کی کوشش کی ابتداء ہی میں ٹھوکر کھا گیا ہے۔ اگر ہندوستان کرکٹ بورڈ نے بھی تعصب کی یہی روش برقرار رکھی توایسے ہی حالا ت کا سامناکرنا پڑسکتا ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ کےلئے  ویزا نہ دینے پر ایشین اسنوکر اینڈ بلیئرڈ کنفیڈریشن نے بنگلور میں ہونے والا ٹورنامنٹ غیر معینہ  مدت کیلئے منسوخ کر دیا ہے۔  پاکستان کے ساتھ ساتھ افغانستان اور قطر کا ایک، ایک کھلاڑی بھی ہندوستانی فیڈریشن اور حکومت کے امتیازی رویے کا شکار ہوا ہے۔ یہ دونوں کھلاڑی بھی پاکستان میں پیدا ہوئے تھے اس لئے انہیں بھی انگلینڈ کے کرکٹر ثاقب محمود کی طرح  ہندوستانی ویزے کے حصول کیلئے مسائل کا سامنا تھا۔  ثاقب محمود نے انگلینڈ لائنز کے ساتھ ہند کا  دورہ کرنا تھا لیکن پاکستان نژاد  ہونے کی وجہ سے اسے  ویزا نہیں مل سکا تھا۔  انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پاکستانی شوٹرز کو  ورلڈ کپ کیلئے ہند کے ویزے  نہ دیئے جانے پر تمام منسلک فیڈریشنز  اور تنظیموں سے کہا تھا کہ جب تک امتیازی رویہ ختم نہیں ہوتا  ہند کو کسی ٹورنامنٹ کی میزبانی نہ دی جائے ۔ 10 ریڈز ایشین اسنوکر ٹورنامنٹ مارچ کے آخری ہفتے میں بنگلور میں ہونے والا ہے لیکن ایونٹ میں شریک 6 پاکستانیوں کو   ویزے جاری کرنے کی یقین دہانی نہ کرانے پر اب  ایونٹ کو منسوخ کردیا گیا ہے۔  انڈین اسنوکر اینڈ بلیئرڈ کے سیکریٹری سبرامنیم نے ایونٹ منسوخ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ پاکستان اسنوکر فیڈریشن کے ترجمان نے بتایا کہ اس ایونٹ میں محمد بلال، بابر مسیح  اور حارث طاہر نے پاکستان کی نمائندگی کرنا تھی، ان کے ساتھ قطر میں مقیم احمد شیخ اور افغانستان کے کیوئسٹ نے اس میں شرکت کرنی تھی۔ ان دونوں کی پیدائش بھی پاکستان میں ہوئی، اس لئے انہیں  ویزے ملنا مسئلہ تھا جس کے بعد ہند کو  میزبانی سے محروم کر دیا گیا۔  ایشین اسنوکر اینڈ بلیئرڈ کنفیڈریشن حکام نے اس حوالے سے کئی  مرتبہ منتظمین سے  رابطہ کیا لیکن    وہ ایونٹ میں پاکستان کی شرکت کے بارے میں کوئی یقین دہانی نہ کرا سکے جس  پر میزبانی  واپس لیتے ہوئے ایونٹ کو غیر معینہ  مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ موجودہ   سیاسی صورتحال کے تناظر میں  ایشین اسنوکر کنفیڈریشن نے ہند سے خود    رابطہ کرکے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا دینے کی گارنٹی طلب کی تھی لیکن کسی یقین دہانی سے انکار کر دیا گیا۔ 
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: