Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل کاگیم سٹریمنگ سروس متعارف کرانے کااعلان

اب کمپیوٹر پر گیم کھیلنے کے لیے انٹرنیٹ صارفین کوڈاؤن لوڈنگ کاانتظار نہیں کرنا پڑے گاکیونکہ گوگل نے اپنی گیم سٹریمنگ سروس متعارف کرانے کااعلان کردیا ہے ، ماہرین کا خیال ہے کہ گوگل کی اس سروس سے کمپیوٹر گیمز کی دنیا میں انقلاب آجائے گا۔ 
گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رواں سال’ سٹیڈیا ‘کے نام سے براؤزر پر وڈیوگیم چلانے والی سروس متعارف کرائی جائے گی جس سے نہ صرف صارفین کا وقت بچے گا بلکہ اس ٹیکنالوجی سے کمپنی مالی طور پر بھی مستحکم ہوگی ۔ 
گوگل نے یہ بھی کہا ہے کہ سٹریمنگ کی تمام تر بھاری پروسیسنگ کا کام اس کے سرور پر ہوگا اور یوں عام افراد بہت سکون سے گیم کھیل سکیں گے۔ گیمنگ پلیٹ فارم کے ذریعے سروس میں موجود کوئی بھی گیم فوری طور پر کھیلا جاسکے گا اور جس کے لیے گیم خریدنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔
گوگل کے نائب صدر  فِل ہیرسن  نے منگل کوسان فرانسسکو میں گیم ڈویلپمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’سٹیڈیا فوری طور پر گیم تک رسائی کو یقینی بناتی ہے، اب گیم کھیلنے کے لیے انتظار ماضی کا حصہ بن جائے گا۔‘ 
ہیریسن کے مطابق سٹیڈیا کو امریکہ ، کینیڈا  اور یو رپ کے بیشتر حصوں میں متعارف کرایا جائے گا۔اس  سروس کے ذریعے کھلاڑی ایک گیم کمپیوٹر پر شروع کرکے اسے لیپ ٹاپ یا پھر سمارٹ فون پر بھی جاری رکھ سکتا ہے اور گیمنگ کا عمل جاری رہے گا یہاں تک کہ گیم کو براؤزر میں بھی کھیلا جاسکتا ہے۔ اگرچہ گوگل گیم کنٹرولر بھی لانے کا ارادہ رکھتا ہے تاہم،  اسے کسی بھی یو ایس بی گیم کنٹرولر سے کھیلا جاسکتا ہے اور ایک بٹن دبا کر اسے یوٹیوب پر بھی شیئر کیا جاسکتا ہے۔ 
گوگل کے اس اعلان کے بعد تجزیہ کاروں کی جانب سے یہ سوال اٹھایا گیاہے کہ ویڈیو گیمز بنانے والی دنیا کی بہترین کمپنیاں ڈِسک پر گیمز فروخت کرنے کا منافع بخش کاروبار چھوڑ کر براؤزر کی ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لیے تیا ر ہوں گی یا نہیں تاہم، کئی کمپنیاں آمدن میں اضافے  کے لیے گیم سٹریمنگ پر انحصار کر  رہی  ہیں ، جن میں سونی اور مائیکروسافٹ شامل  ہیں۔ 
 

شیئر: