کرینہ کپور نے پہلے سیف علی خان کی شادی کی آفر ٹھکرائی؟
کرینہ کپور نے پہلے سیف علی خان کی شادی کی آفر ٹھکرائی؟
بدھ 27 نومبر 2019 19:16
کرینہ کپور اور سیف علی خان 2012 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
کرینہ کپور اور سیف علی خان بالی وڈ کی مشہور فلمی جوڑی ہیں۔ دونوں 2008 میں فلم ’ٹشن‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے اور 2012 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ شادی سے قبل بالی وڈ کی ’بیبو‘ نے ’چھوٹے نواب‘ کی جانب سے شادی کی پیش کش ٹھکرائی تھی؟ جی ہاں وہ بھی ایک مرتبہ نہیں دو مرتبہ۔
اس حوالے سے کرینہ کپور نے کئی بار اس بات کا اظہار بھی کیا کہ کیسے سیف نے اُنہیں یونان میں شادی کی پیش کش کی؟
حال ہی میں ’پنک والا‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کرینہ نے اس سے آگے کی بات کی اور انکشاف کیا کہ حتمی طور پر اقرار سے پہلے انہوں نے دو مرتبہ سیف کی جانب سے شادی کی پیش کش پر ’نہ‘ بولا تھا۔
تاہم انہوں نے سیف علی خان سے شادی کے فیصلے کو اپنی زندگی کا ’سب سے خوب صورت فیصلہ‘ قرار دیا۔
کرینہ نے کہا کہ ’انہوں (سیف علی خان) نے مجھے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ ہمیں شادی کر لینی چاہیے۔‘
کرینہ کے مطابق ’سیف نے انہیں پہلے یونان اور پھر دوبارہ لداخ میں شادی کی آفر کی۔‘
انہوں نے کہا کہ اس وقت میں نے کچھ اس طرح سے جواب دیا کہ ’میں نہیں جانتی کیونکہ میں آپ کو نہیں جانتی۔‘ چنانچہ یہ دراصل ’نہ‘ بھی نہیں تھی لیکن اس کا مطلب یہ تھا کہ ’میں آپ کے بارے میں مزید جاننا چاہتی ہوں۔‘
‘میرا خیال ہے کہ میں نے اپنی زندگی کا بہترین فیصلہ کیا۔‘
واضح رہے کہ کرینہ اور سیف آخری مرتبہ فلم ’ایجنٹ وِنود‘ میں اکٹھے نظر آئے تھے۔ ایک ذریعے نے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو بتایا کہ کرینہ کو بے شمار سکرپٹس اور فلموں کی پیش کش ہو رہی ہے لیکن وہ ایسا کردار ادا کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہیں جس میں وہ بڑی سکرین پر اپنے شوہر کے ساتھ رومینس کرتی نظر آئیں۔
یاد رہے کہ 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ایجنٹ ونود‘ کے بعد دونوں میاں بیوی ایک ساتھ فلم میں نظر نہیں آئے تاہم کرینہ سیف کے ساتھ اپنی حقیقی زندگی کی کیمسٹری سلور سکرین پر دکھانا چاہتی ہیں۔
کرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی کو سات برس ہو چکے ہیں اور ان کے ایک بیٹے تیمور علی خان ہیں۔ تیمور علی خان 2016 میں پیدا ہوئے اور فلمی فوٹوگرافرز ان کے مختلف انداز کی تصاویر بنانے کے لیے ہمیشہ متحرک رہتے ہیں۔