Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مال کی تقسیم پر چور لڑ پڑے اور گرفتار

عوامی مقام پر لڑائی ہونے پر لوگوں نے پولیس کو طلب کر لیا ۔ فوٹو، سوشل میڈیا
کویت میں مسروقہ مال کی تقسیم میں اختلاف نے چوروں کو گرفتار کروا دیا۔
تین رکنی چور گروہ رقم برابر تقسیم نہ کرنے پر سرعام الجھ پڑے۔ لڑائی ہوتے دیکھ کر وہاں موجود لوگوں نے پولیس کو طلب کر لیا ۔ پولیس تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ تینوں چور ہیں جو مسروقہ مال کی تقسیم پر لڑ پڑے تھے۔
کویتی اخبار الرائی کے مطابق تین چوروں نے مختلف فارم ہاوسز سے دوجینریٹر چرائے اور انہیں مارکیٹ میں فروخت کر دیا ۔ مسروقہ مال سے حاصل ہونے والی رقم کی تقسیم کے وقت ان میں اختلاف ہوگیا ۔ ایک کا دعوی ٰ تھا کہ اسے رقم کم ملی ہے جبکہ دوسرے کا کہنا تھا کہ فروخت کیاجانے والا جینریٹر قیمتی نہیں تھا۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں بھیج دیا ۔ فوٹو ، الرائی اخبار 

تینوں چور رقم تقسیم کرنے کے لیے عوامی مقام پر ملے تو ان میں اختلاف ہو گیا جس پر وہ آپس میں گتھم گتھا ہو گئے ۔ پارک میں موجود لوگوں نے جب اس طرح سرعام ان لوگوں لڑتے دیکھا تو معاملہ سلجھانے کی کوشش کی مگر وہ کسی طرح قابو نہیں آرہے تھے جس پر لوگوں نے فوری طور پر ہنگامی پولیس کو امداد کے لیے طلب کر لیا۔ 
پولیس کی پیٹرول پارٹی قریب ہی تھی جس نے تینوں افراد کو گرفتار کر لیا ۔ تھانے پہنچ کر جب معاملے کے بارے میں باز پرس کی گئی تو ایک چور نے تحقیقاتی افسر کو صاف صاف بتا دیا کہ انہوں نے جینریٹر چرائے تھے جنہیں فروخت کرنے کے بعد حاصل ہونے والی رقم پر اختلاف ہو گیا تھا۔ 
پولیس نے چوروں کی نشاندہی پر اس فارم ہائوس کا بھی معائنہ کیا جہاں سے جینریٹر چرائے گئے تھے ۔ معاملے کی تصدیق کے بعد تینوں چوروں کے خلاف پرچا کاٹ کر  چالان عدالت میں بھجوا دیا گیا جہاں انکے خلاف قانون چارہ جوئی کرتے ہوئے مقدمہ چلایا جائے گا۔ 

شیئر: