Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض : گھروں میں ڈاکے ڈالنے والے دو شہری گرفتار

پولیس نے گھروں میں ڈاکے ڈالنے والے دو شہریوں کو گرفتار کیا ہے (فوٹو: المرصد)
ریاض پولیس نے تالے توڑ کر گھروں میں گھس کر زیورات، قیمتی اشیا اور نقدی چرانے والے دو سعودی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
دونوں نے دارالحکومت ریاض کے مختلف محلوں میں سات وارداتوں کا اعتراف کرلیا۔ مسروقہ اشیا کی قیمت 9 لاکھ ریال تک ہے۔

چوروں نے 7 گھروں سے 9 لاکھ مالیت کا سامان چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے (فوٹو: المواطن)

 سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان شاکر بن سلیمان التویجری نے کہا کہ ’متعدد شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں نے گھروں میں تالے توڑ کر قیمتی اشیا چوری کرنے کی شکایات درج کرائی تھیں۔ پولیس نے واردات کرنے والوں کے کوائف سے واقفیت اور مخصوص انداز سے سامان چوری کرنے والوں پر نظر رکھنے کے باعث اپنے تجربے کی بنیاد پر اس طرح کے افراد کی ایک فہرست تیار کی اور پھر شکوک کا دائرہ دو مقامی شہریوں تک محدود ہوکر رہ گیا۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ ’سراغ لگانے پر پتہ چلا کہ جن دو شہریوں پر قوی شبہ تھا وہی وارداتوں میں  ملوث تھے۔ انہیں تلاش کرکے گرفتار کرلیا گیا۔ شواہد جمع کر لیے گئے۔‘
پولیس نے بتایا ہے کہ ’پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ دونوں نے الاسکان، الوزارات، الصحافہ، الحمراء اور غرناطہ محلوں میں سات وارداتیں کیں ہیں۔ انہوں نے9 لاکھ ریال مالیت کا سامان چوری کیا ہے۔ دونوں کو حراست میں لے لیا گیا اور اب ان کے خلاف قانونی کارروائی آگے بڑھائی جارہی ہے۔‘
 

شیئر: