Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہوٹلنگ کے شعبے میں خواتین کی دلچسپی

ہوٹلنگ کے شعبے سے منسلک سعودی خواتین کی تعداد 20 ہزار سے زائد ہے۔ فوٹو الریاض اخبار
سعودی عرب کی قومی سیاحتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہوٹلنگ سیکٹر میں کام کرنے والے سعودیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
عرب نیوز ویب سائٹ ’سبق‘ کے مطابق سیاحتی کمیٹی نے سروے رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق سال 2018 میں ہوٹلنگ کے شعبے کا تناسب گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔
قومی کمیٹی برائے سیاحت کی جانب سے جاری سالانہ سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2018 میں سعودی عرب میں چھوٹے درجے کے رجسٹرڈ رہائشی ہوٹل اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کی تعداد 71 ہزار 488 ہے۔ چھوٹے درجے کے ہوٹل میں کام کرنے والوں کا تناسب 6 سے 49 افراد  تک ہو تا ہے۔
درمیانے درجے کے ہوٹل جہاں 50 سے 249 افراد ملازم ہیں، ان کا تناسب 98.7 فیصد ہے جبکہ بڑے ادارے جہاں 250 سے زائد افراد ملازم ہیں انکی مجموعی تعداد 941 ہے۔
سروے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہوٹلنگ سیکٹر میں سعودائزیشن کی پالیسی کافی حد تک کامیاب رہی ہے۔ مذکورہ شعبے میں گزشتہ برس کے مقابلے میں سعودائزیشن کے تناسب میں 3.1 فیصد  اضافہ ہوا۔

ہوٹلنگ میں سعودائزیشن کا ہدف حاصل کرنے میں کافی حد تک کامیابی ہوئی۔ فوٹو سوشل میڈیا

ہوٹلنگ کے شعبے میں کام کرنے والے سعودیوں کا تناسب 22.3 فیصد تک پہنچ چکا ہے جنکی مجموعی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار کے قریب ہے۔ سعودی کارکنوں میں مرد و خواتین شامل ہیں۔
رجسٹرڈ سعودی خواتین کارکنوں کی تعداد 20 ہزار 732 ہے۔ قانون کے مطابق ہوٹلنگ کے شعبے میں استقبالیہ کاؤنٹرز، چیک ان اور چیک آؤٹ کے علاوہ اکاؤنٹس اور دیگر متعدد شعبوں میں ملازمتیں سعودیوں کے لیے مخصوص کی گئی ہیں۔
مذکورہ شعبوں میں پہلے غیر ملکی افراد خدمات انجام دیتے تھے مگر اب انکی جگہ سعودیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔
سروے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سال 2017  کی نسبت سعودی کارکنوں کی اجرت اور دیگر مراعات میں بھی اعشاریہ  2  فیصد اضافہ ہوا ہے جو بڑھ کر 4.1 سے 4.3 فیصد ہو گئی ہیں۔

 سیاحوں کی شکایات کے ازالہ کے لیے کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ فوٹو الریا ض اخبار 

ہوٹلنگ کے شعبے میں سال 2018 میں آمدنی میں بھی 4.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جن میں خوراک اور نقل و حمل کے علاوہ ہوٹلوں کے کرائے وغیرہ کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی شامل ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ برس سے عالمی سطح پر سیاحت کے فروغ کے لیے اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں قومی سیاحتی کمیٹی کی جانب سے ہوٹلنگ کے شعبے کو مزید بہتر بنانے کے لیے جامع قانون سازی کرتے ہوئے ہوٹلوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ریجن کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں، جو سیاحوں کی شکایات نوٹ کر کے ان پر عمل درآمد کو یقینی بناتی ہیں۔

شیئر: