Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جرمانے دیے بغیر لائسنس کی تجدید نہیں‘

ڈرائیونگ لائسنس میں بروقت توسیع نہ کرانا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔فوٹو: ٹوئٹر
سعودی محکمہ ٹریفک نے پھر واضح کیا ہے کہ ’کسی ڈرائیور نے ٹریفک خلاف ورزیوں کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے ملکیت نامے میں توسیع اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک کہ جرمانے ادا نہ کر دیا جائے۔‘
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے یہ وضاحت ٹوئٹر پر مقامی شہریوں کے سوالات کے جواب میں دی ہے۔
محکمہ ٹریفک نے ایک اور سوال پر کہا ’کوئی بھی شخص ڈرائیونگ لائسنس یا ملکیتی کارڈ کے بغیر گاڑی چلانے کا مجاز نہیں۔ اگر کسی نے لائسنس یا ملکیتی کارڈ کے بغیر گاڑی چلائی اور تفتیش کے دوران اس کا پتا چلا تو اس پر 150 سے 300 ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔‘

کوئی بھی شخص ڈرائیونگ لائسنس یا ملکیتی کارڈ کے بغیر گاڑی چلانے کا مجاز نہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

محکمہ ٹریفک نے ہدایت کی کہ دفعہ نمبر 71 کے بموجب ڈرائیونگ لائسنس اور ملکیتی کارڈ میں بروقت توسیع نہ کرانا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔
’ہر سال یا اس کے کچھ حصے پر اس کا جرمانہ سو ریال ہے۔ زیادہ سے زیادہ تین سو ریال جرمانہ ہوگا۔ ڈرائیونگ لائسنس ختم ہونے کے 60 روز بعد جرمانہ نافذ ہوگا۔‘
محکمہ ٹریفک کا کہناہے کہ حفاظتی بیلٹ نہ باندھنا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ اس کا جرمانہ 150 ریال ہے۔زیادہ سے زیادہ 300 ریال ہوگا۔ 
 ایک ماہ کے دوران ایک سے زیادہ مرتبہ حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر انتہائی جرمانہ ہوگا یا تو 24 گھنٹے کے لیے گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہے گی یا دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں۔
حفاظتی بیلٹ باندھنا ڈرائیور کے لیے ہی ضروری نہیں بلکہ سامنے والی نشست پر بیٹھنے والے کے لیے بھی ضروری ہے۔ اگر سامنے والی نشست پر بیٹھے شخص نے حفاظتی بیلٹ استعمال نہ کی تو اس کا جرمانہ ڈرائیور کے نام پر ریکارڈ پر آئے گا۔
محکمہ ٹریفک نے ٹوئٹر پر پوچھے گئے ایک سوال پر یہ بھی واضح کیا کہ سگنل ریڈہونے کی صورت میں رکے بغیر دائیں جانب مڑنا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ 
’دائیں جانب مڑنے سے قبل رکا جائے۔ مخالف سمت سے کوئی گاڑی نہ آرہی ہو تو ایسی صورت میں دائیں جانب مڑا جاسکتا ہے۔ یہ خلاف ورزی کے دائرے میں نہیں آئے گا۔

شیئر: