Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: ’ریلوے سٹیشنز کے نام اردو کے بجائے سنسکرت میں ہوں گے‘

ہدایت نامے میں ریلوے سٹیشنز کے نام سنسکرت میں لکھنے کا کہا گیا ہے۔ فوٹو:اے ایف پی
انڈیا کی ریاست اتراکھنڈ میں ریلوے سٹیشنز کے اردو میں لکھے گئے ناموں کو اب سنسکرت میں لکھا جائے گا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ریلوے کے ایک عہدیدار دیپک کمار نے بتایا ہے کہ یہ اقدام ریلوے کے ایک تحریری ہدایت نامے کے پیش نظر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’پلیٹ فارم کےسائن بورڈز پر لکھے ریلوے سٹیشنز کے نام اب ریاست کی دوسری سرکاری زبان سنسکرت میں لکھے جائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اتراکھنڈ میں پلیٹ فارم کے سائن بورڈز پر ریلوے سٹیشنز کے نام ہندی، انگریزی اور اردو کے بجائے اب ہندی، انگلش اور سنسکرت میں لکھے جائیں گے۔‘
’سنسکرت کو ریاست کی دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے اس لیے اردو میں لکھے ریلوے سٹیشنز کے ناموں کو اب سنسکرت زبان سے تبدیل کردیا جائے گا۔‘
اتراکھنڈ میں پلیٹ فارم کے سائن بورڈ پر ریلوے سٹیشنز کے نام آج بھی اردو میں لکھے نظر آتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ان میں سے کئی اس وقت کے ہیں جب یہ ریاست اترپردیش کا حصہ تھی جہاں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔
تاہم، دیپک کا کہنا تھا کہ ریلوے کے ہدایت نامے کے مطابق ان سائن بورڈز پر یہ تبدیلی 2010 میں ہی ہوجانی چاہیے تھی جب سنسکرت کو ریاست کی دوسری سرکاری زبان بنایا گیا تھا۔

ریلوے سٹیشنز کے نام ہندی، انگریزی اور اردو کے بجائے اب ہندی، انگلش اور سنسکرت میں لکھے جائیں گے (فائل فوٹو:سوشل میڈیا)

سنسکرت کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ 2010 میں اس وقت کے وزیراعلٰی رمیشن پوکھریال نشانک کے دور میں حاصل ہوا تھا جو کہ اب انسانی وسائل کے فروغ کے وزیر ہیں۔
ریلوے سٹیشنز کے نام سنسکرت زبان میں تبدیل کرنے سے کچھ خاص فرق تو نہیں آئے گا کیونکہ ہندی اور سنسکرت دونوں ہی زبانیں دیوناگری رسم الخط پر مشتمل ہیں۔
سوشل میڈیا پر انڈین صارفین ریلوے انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی اس تبدیلی پر اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔
راشد شیخ نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’اتراکھنڈ حکومت کا شکریہ! کئی کروڑ لوگ جو سنسکرت جانتے ہیں ان پر احسان کرنے کے لیے۔‘
وین نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’سنسکرت اتراکھنڈ کی سرکاری زبان ہے۔ اردو کو نہ صرف ریلوے سٹیشنز بلکہ اتراکھنڈ میں ہر جگہ سے  ختم کرکے اسے سنسکرت سے بدل دینا بہتر ہوگا۔

 

شیئر: