Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹریفک خلاف ورزی کا جرمانہ 20 ہزار ریال‘

محکمہ ٹریفک نے سترہ بڑی خلاف ورزیوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔  فوٹو: سوشل میڈیا
 سعودی عرب کے محکمہ ٹریفک نے سترہ بڑی خلاف ورزیوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ 
 محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ’سمارٹ کیمروں کی تنصیب کے بعد 20 ہزار ریال جرمانے والی ٹریفک خلاف ورزیاں بڑی بھاری پڑیں گی‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے فیصلہ کیاہے کہ ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے سمارٹ کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔ بعض خلاف ورزیاں ایسی ہیں جن کا انتہائی جرمانہ 20 ہزار ریال ہے۔
سعودی محکمہ ٹریفک نے ٹوئٹر پر اعلامیے میں کہا ’ٹریفک خلاف ورزیاں پکڑنے کے لیے سمارٹ کیمرے جلد استعمال کیے جائیں گے۔ جو لوگ ٹریفک ضوابط کی پابندی نہیں کریں گے وہ مشکل میں آجائیں گے۔

سمارٹ کیمرو ں کی تنصیب کے بع ٹریفک خلاف ورزیاں بڑی بھاری پڑیں گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

سنگین ٹریفک خلاف ورزیاں اور جرمانے
۔ ریڈ سگنل توڑنا بڑی خلاف ورزی ہے اس پر 3 ہزار سے لیکر 6 ہزار ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔
۔ ٹائر سکریچنگ پر 20 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے۔ٹائر سکریچنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی پندرہ دن کے لیے ضبط کرلی جاتی ہے۔
۔ کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا قانوناً جرم ہے۔ اس پر 5ہزار سے لیکر10ہزار ریال تک کا جرمانہ اور مخالف نمبر پلیٹ ہٹانے تک گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہے گی۔
۔ حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر پہلی مرتبہ کم از کم جرمانہ 150 سے 300 ریال تک ہے۔ 30 روز کے اندر یہ خلاف ورزی دوبارہ کرنے پر انتہائی جرمانہ ہوگا یا گاڑی چوبیس گھنٹے کے لیے تحویل میں لے لی جائے گی یا دونوں سزائیں بیک وقت ہوں گی۔
 ۔ حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر صرف ڈرائیور ہی سے جرمانہ نہیں لیا جائے گا بلکہ اس کے برابر کی نشست پر بیٹھا شخص بھی حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ دے گا۔
۔ مقررہ رفتار سے فی گھنٹہ 10تا 20 کلو میٹر زیادہ رفتار سے گاڑی چلانا بھی خلاف ورزی ہے۔ اس کا جرمانہ 150تا 300 ریال ہے۔

ریڈ سگنل توڑنا بڑی خلاف ورزی ہے اس پر 3 ہزار سے  6 ہزار ریال تک کا جرمانہ مقرر ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

۔ فی گھنٹہ مقررہ رفتار سے 20 تا 30 کلو میٹرزیادہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر 300تا 500 ریال جرمانہ متعین ہے۔
۔ مقررہ رفتار سے 30تا 40 کلو میٹر فی گھنٹے زیادہ سپیڈ سے گاڑی چلانا خلاف ورزی ہے اس کا جرمانہ 800 تا ایک ہزار ریال ہے۔
۔ مقررہ رفتار سے 40 کلو میٹر سے لیکر50 کلو میٹر حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر 1200تا 1500ریال جرمانہ ہوگا۔
۔ مقررہ رفتار سے 50 کلو میٹر زیادہ سپیڈ سے فی گھنٹہ گاڑی چلانے پر 1500 تا 2ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
۔ سروس روڈ پر مخالف سمت میںگاڑی چلانا یا ڈرائیونگ کے لیے ممنوعہ مقامات پر گاڑی چلانا جرم ہے۔ اس پر ایک ہزا ر سے دو ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے۔
۔ رات کے وقت یا خراب موسمی حالات میں لائٹ کے بغیر گاڑی چلانا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ اس پر ایک ہزار تا دو ہزار ریال جرمانہ ہے۔
۔ ڈھلوانوں اور چڑھائی وغیرہ ایسے مقامات پر مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانا جہاں اوور ٹیک پر پابندی ہو ٹریفک خلاف ورزی ہے اس کا جرمانہ ایک ہزار سے دو ہزار ریال ہے۔
۔ ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال ٹریفک خلاف ورزی ہے جرمانہ 500 تا 900 ریال تک کا ہے۔
۔ ایمرجنسی سروس گاڑیوں کا تعاقب ٹریفک خلاف ورزی ہے اس پر500 تا 900 ریال کا جرمانہ ہے۔ یہ خلاف ورزی اس وقت شمار ہوگی جب ایمرجنسی گاڑی انتباہی الارم بجاتے ہوئے چل رہی ہو۔
۔ سگنل پر جہاں ٹھہرنا ضروری ہو اس کی پابندی نہ کرنے پر 500 تا 900 ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ سگنلز پر ایک بورڈ لگا ہوتا ہے جس پر عربی میں (قف) اور انگریزی میں سٹاپ لکھا ہوتا ہے وہاں ٹھہرے بغیر مڑنا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔
۔ ٹریفک اہلکار کے اشارے کی پابندی نہ کرنا اور سگنلز پر اس کے اشارے کو نظر انداز کردینا ٹریفک خلاف ورزی ہے اس پر 500 تا 900 ریال کا جرمانہ ہے۔
۔ شاہراہوں پر ماحول کو آلودہ کرنا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ اگر گاڑی سے دھواں نکل رہا ہو اور اس سے ماحول آلودہ ہورہا ہو تو اس پر 500 تا 900 ریال تک کا جرمانہ ہے۔

شیئر: