Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ادرک کا استعمال کن بیماریوں سے بچاتا ہے؟

ادویات میں ادرک کا استعمال صدیوں سے ہو رہا ہے (فوٹو: شٹر سٹاک)
دبئی کے فٹ سکواڈ ڈی ایس بی میں بطور ٹرینر خدمات سرانجام دینے والی ماہر غذائیت ڈیونڈر بینز نے ایک ایسے 'سپر فوڈ' سے متعلق مفید معلومات دی ہیں جو آپ کو صحت مند اور طویل زندگی گزارنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق صحت کے لیے ادرک کے فوائد بہت زیادہ ہے اور صدیوں سے یہ روایتی ادویات میں استعمال ہوتا آ رہا ہے۔
ڈیونڈر بینز کہتی ہیں کہ ادرک سستا بھی ہے اور یہ آسانی سے تازہ، خشک اور فروزن شکل میں مارکیٹ سے مل بھی جاتا ہے۔ حتیٰ کہ یہ پاؤڈر کی شکل میں بھی دستیاب ہے۔
سالن، تلے ہوئے کھانوں اور سوپ وغیرہ میں ادرک کا استعمال خوبصورت ذائقہ دیتا ہے۔
ادرک ہربل چائے میں بھی استعمال ہوتا ہے۔
ڈیوڈ بلینڈر کے مطابق ادرک سوزش اور درد کم کرنے کے لیے مفید ہے۔

ادرک دماغ کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے

ادرک اینٹی آکسیڈینٹ سے بھرپور ہے۔ ڈپریشن، اضطراب، اے ڈی ایچ ڈی اور الزائمر جیسے دماغی امراض کا تعلق سوزش سے ہے۔ ماہرین کے مطابق ادرک کا استعمال سوزش کم کر کے ان بیماریوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے اور یہ دماغ کی کارکردگی کو بھی بہتر بناتا ہے۔
ادرک کا عرق استعمال کرنے والی درمیانی عمر کی 60 خواتین پر ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ان کی یادداشت میں بہتری آئی ہے۔

ادرک کو کئی بیماریوں کا علاج سمجھا جا سکتا ہے (فوٹو: شٹر سٹاک)

پٹھوں کے درد میں کمی

ادرک ناصرف دماغی سوزش کو کم کرنے کی خصوصیت رکھتا ہے بلکہ یہ جوڑوں کی سوزش اور پٹھوں کے درد کو بھی کم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ گنٹھیا کے علاج کے لیے بھی مفید ہے اور جوڑوں کے درد اور اکڑن سے بھی نجات دلاتا ہے۔
ادرک برسوں سے سفر کے دوران طبیعت خراب ہونے کے لیے دوا کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ادرک کینسر کے ان مریضوں کے لیے بھی مفید ہے جو کیموتھیرپی سے گزر رہے ہوں۔

متلی اور بیماری میں کمی

ادرک حمل کی ابتدا میں خواتین کو درپیش معمولی قسم کی بیماریوں کے علاج کے لیے بھی مفید ہے۔
12 سٹڈیز کے جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ ادرک کے استعمال سے خواتین کو متلی آنے کی شکایت کم ہو جاتی ہے۔
تحقیق سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ ادرک سرجری کے بعد متلی کی شکایت کو کم کر سکتا ہے۔

ادرک کی چائے اور قہوہ بھی استعمال ہوتا ہے (فوٹو: شٹر سٹاک)

دائمی بد ہضمی کا علاج

ادرک پیٹ کے درد کو دور کرنے کے لیے عرصہ دراز سے استعمال ہو رہا ہے اور نظام انہضام سے گیس اور معدے کی درد دور کرنے کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
ادرک دائمی بدہضمی دور کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق 24 صحت مند افراد نے کھانے سے پہلے ایک اعشاریہ دو گرام ادرک کا پاؤڈر استعمال کیا تو اس کا فائدہ یہ ہوا کہ لگ بھگ 50 فیصد افراد کا پیٹ معمول سے پہلے خالی ہونا شروع ہوگیا۔

ادرک شوگر کے مریضوں کے لیے بھی مفید

ادرک کے استعمال اور بلڈ شوگر لیول میں کمی کے درمیان بھی ایک مثبت ربط ہے۔ ادرک کا استعمال شوگر کے مریضوں میں انسولین کے ریسپانس اور میٹابولزم کو بہتر کرتا ہے۔ 
 

شیئر: