Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں تیسرے روز بھی موسلا دھار بارش

جدہ میں بھی پیر کی صبح بوندا باندی ہوئی ہے ( فوٹو سبق)
 سعودی عرب کے شہر طائف میں پیر کو تیسرے روز بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حکام نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ خراب موسم کے پیش نظر حد درجہ احتیاط برتیں۔ 
جدہ میں بھی پیر کو صبح کے وقت بوندا باندی ہوئی، اور دن کے وقت مطلع ابر آلود بھی رہا۔  

 خراب موسم کے پیش نظر حد درجہ احتیاط کے لیے کہا گیا ہے ( فوٹو سبق) 

عاجل ویب سائٹ کے مطابق مدینہ منورہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پیر کو بادل اور سورج ایک دوسرے سے آنکھ مچولی کھیلتے رہے۔ دن کے وقت درجہ حرارت 44 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔
مدینہ منورہ میں رطوبت 60 فیصد تک ریکارڈ کی گئی۔ گرد آلود ہوائیں بھی چلتی رہیں۔ مدینہ منورہ میں ابھی تک موسم غیرمستحکم ہے۔ 
عسیر کی وادی ’عبلا‘ کے سیلاب میں ایک گاڑی بہہ گئی تھی۔ اس پر موجود ایک مرد اور بچی کی نعشیں مل گئی ہیں۔ شہری دفاع کے اہلکار ممکنہ طور پر ڈوبنے والے مزید افراد کی لاشیں تلاش کررہے ہیں۔ 

عسیر میں السودہ کے پہاڑوں پر موسلا دھار بارش ہوئی ہے ( فوٹو سبق)

اخبار 24 کے مطابق عسیر میں السودہ کے پہاڑوں پر موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے عسیر ریجن کے حوالے سے پیشگوئی کی تھی کہ یہاں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ 
دریں اثنا عسیر کی مغربی تحصیل بحر ابو سکینہ میں موسلا دھار بارش اور طوفانی سیلاب نے راستے کاٹ دیے۔  آمد ورفت کو معطل ہے۔ بعض گاڑیوں اور ٹرکوں کے ڈرائیور سیلاب کے ریلے سے نکلنے کا خطرہ مول لے رہے ہیں۔ ایک کمپنی نے عارضی طور پر معمولی حجم کی ایک راہداری وادی کے اوپر بنادی ہے جو سیلاب کا دائرہ پھیلنے کی صورت میں کسی بھی وقت تباہ ہوسکتی ہے۔ 

شیئر: