Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اے این پی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات لاپتہ

’پولیس کو گمشدگی اور مبینہ اغوا کی درخواست دے دی گئی ہے۔‘ (فوٹو: اردو نیوز)
عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی مبینہ طور پر کوئٹہ سے لاپتہ ہو گئے ہیں۔
اسد اچکزئی عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اور  بلوچستان کی اسمبلی کے رکن اصغر خان اچکزئی کے چچا زاد بھائی ہیں۔
اسد اچکزئی کے بھائی اور سپریم کورٹ کے وکیل امجد خان اچکزئی ایڈووکیٹ نے اردو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ اسد اچکزئی جمعے کو چمن سے اپنی گاڑی میں اکیلے کوئٹہ کے لیے نکلے تھے۔ ان کا گھر والوں سے آخری رابطہ جمعے کی شام تقریباً ساڑھے ساتھ بجے ہوا تھا۔
’تب انہوں نے بتایا تھا کہ وہ کوئٹہ میں کچلاک کے قریب ہیں مگر اس کے بعد سے ان کا کوئی پتہ نہیں چل رہا۔ وہ گزشتہ تین دنوں سے گاڑی سمیت لاپتہ ہیں۔‘

 

امجد اچکزئی کے مطابق اسد اچکزئی اکثر اپنا موبائل فون بند رکھتے ہیں اس لیے اہلخانہ کو بھی تاخیر سے ان کی گمشدگی کے بارے میں علم ہوا۔
’انہوں نے ہفتہ اور اتوار کو عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ورکنگ کمیٹی اور صوبائی کونسل کے اجلاسوں میں شریک ہونا تھا۔ جب وہ پارٹی اجلاسوں میں نہیں آئے تو ہم نے ان کے موبائل نمبر پر رابطہ کیا مگر ان کے دونوں نمبرز مسلسل بند ہیں، اور ان کی گاڑی بھی اب تک نہیں ملی۔‘
امجد اچکزئی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہم نے پولیس تھانہ ایئر پورٹ میں گمشدگی اور مبینہ اغوا کی درخواست دے دی ہے۔ 
ایئر پورٹ پولیس تھانہ کے ایس ایچ او نیاز احمد کے مطابق اسد اچکزئی کی گمشدگی کی درخواست موصول ہوئی ہے۔ ’ ہم قانونی پہلوﺅں کا جائزہ لے کر اس پر کارروائی کریں گے۔‘
عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری مابت کاکا نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہم نے تمام ذرائع سے کوشش کی مگر پارٹی کے لاپتہ رہنما کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل رہیں۔ اب تک علم نہیں ہوسکا کہ یہ جبری گمشدگی کا کوئی واقعہ ہے یا انہیں اغوا کیا گیا ہے۔‘
’ہم نے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔ ہماری حکام سے بھی اپیل ہے کہ وہ اسد اچکزئی کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔‘

شیئر: