Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ایس او پیزپر سختی سے عمل کیاجائے ، وزارت داخلہ کا انتباہ

احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے سے جرمانہ ڈبل کیاجاسکتا ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
کورونا کی متوقع دوسری لہر کے حوالے سے وزارت داخلہ نے انتباہ دیا ہے کہ مارکیٹوں اور دکانوں میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنےوالوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
خلاف ورزی ریکارڈ ہونے پر 10 ہزار ریال جرمانہ اور دکان کو 3 سے 6 ماہ کےلیے سیل بھی کیا جاسکتا ہے۔
مقامی ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو اور اس کے پھیلاو کوروکنے کےلیے وزارت صحت نے جو ایس اوپیز جاری کیے ہیں ان پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔
اس ضمن میں مختلف شہروں میں تفتیشی کمیٹیاں مقرر کردی گئی ہیں جو اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کررہی ہیں۔

ماسک کے بغیرگھروں سے باہر نکلنا خلاف ورزی شمار ہوتی ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)

انتباہی پیغام میں مزید کہا گیاہے کہ  دکانیں یا سپراسٹورز میں آنے والوں کےلیے ماسک کا استعمال لازمی ہے۔
مارکیٹوں کے داخلی راستوں پر سینیٹائزر کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت بھی پابندی سے نوٹ کیاجائے۔
دکانوں یا مارکیٹوں میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ سپر اسٹورز میں شاپنگ ٹرالیوں کو ہر استعمال کے بعد سینٹائز کیا جائے ، مارکیٹ میں بچوں کے پلے لینڈز کو بند رکھا جائے۔
ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی دوسری بار ریکاڈ کیے جانے کی صورت میں جرمانے کی رقم ڈبل کرنے کے ساتھ ساتھ دکان یا تجارتی مرکز 6 ماہ کےلیے بھی بند کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کورونا کے حوالے سے دنیا بھر میں دوسری لہر کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ موسم سرما میں یہ وبائی مرض دوبارہ شدت اختیار کرے گا۔
اس حوالے سے وزارت صحت کا بھی کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئی تو حالت بگڑنے کا امکان ہے۔

مارکیٹوں میں مستقل طور پر سینٹائزنگ کو یقینی بنایاجائے(فوٹو، ٹوئٹر)

سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں میں کمی کے بعد اچانک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ، گزشتہ ہفتے مریضوں کا یومیہ گراف 400 سے کم ہو گیا تھا مگر رواں ہفتہ اس میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے۔

شیئر: