Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی سے پہلی کمرشل فلائیٹ تل ابیب پہنچ گئی 

تل ابیب ہوائی اڈے پرجہازکو ’واٹرسلیوٹ‘ دیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
امریکہ کی سرپرستی میں امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کے دو ماہ بعد فلائی دبئی کی پہلی کمرشل پرواز دبئی سے براہ راست تل ابیب پہنچ گئی ۔ 
’الامارات الیوم‘ کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ فلائی دبئی کی پرواز چار گھنٹے کا سفر کر کے تل ابیب ایئرپورٹ پرپہنچی ۔ 
تل ابیب ہوائی اڈے پر امارات کی پہلی کمرشل فلائٹ کی آمدکے موقع پر ائیرپورٹ انتظامیہ نے روایتی اندازمیں ’واٹرسلیوٹ‘ کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی واقعہ ہے ۔ آئندہ دبئی ، بحرین ، سوڈان اور مشرق وسطیٰ کی پروازیں یکے بعد دیگرے تل ابیب آنے جانے لگیں گی ۔  
نتن یاہو نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے علاقے پر نئے مستقبل کا سورج طلوع ہو رہا ہے ۔ ہم معیشت ، تجارت ، زراعت اور سرمایہ کاری کے موقعوں پر عربوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کےلیے کوشاں ہیں ۔  
نتنیاہو نے امید ظاہر کی کہ دیگر عرب ممالک بھی اسرائیل کے ساتھ امن معاہدوں میں شامل ہو جائیں گے ۔

 رواں برس 31 اگست کو اسرائیل سے پہلی پرواز امارات پہنچی تھی(فوٹو، ٹوئٹر)

 فلائی دبئی کا تل ابیب کے بن جورین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اسرائیلی وزیراعظم اور اعلیٰ عہدیداروں نے خیر مقدم کیا ۔ فلائی دبئی کے ایگزیکٹیو چیئرمین غیث الغیث نے کہا کہ یہ پرواز دونوں ملکوں کے درمیان فضائی نقل و حمل کے معاہدے کا پھل ہے ۔دونوں ملکوں کے درمیان براہِ راست پروازوں سے مختلف شعبوں میں تجارتی منصوبوں کو فروغ ملے گا۔  
یاد رہے سال رواں 31 اگست کو اسرائیل سے پہلی کمرشل پرواز ابوظبی پہنچی تھی۔

شیئر: