Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میراڈونا کو کس چیز نے مارا‘: دستاویزی فلم نشر

میرا ڈونا کا گذشتہ برس 25 نومبر کو دل کا دورہ پڑنے سے 60 برس کی عمر میں انتقال ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
لاطینی امریکہ کے ملک ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹ بال کے لیجنڈ ڈیگو میراڈونا کی زندگی پر ایک ڈاکومینٹری فلم بنائی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ کس طرح مشکل حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک کھیل کا پانسہ پلٹنے والے کھلاڑی بنے۔
عرب نیوز کے مطابق میرا ڈونا کا بچپن بیونس آئرز کے مضافات میں ایک چھوٹے سے قصبے ولا فیوریتو میں گزرا۔ ان کے انکل نے انہیں بچپن میں ایک فٹ بال کا تحفہ دیا جس کے بعد ان کے اندر فٹ بال کھیلنے کا شوق پیدا ہوا جو ان کی زندگی کا حصہ بن گیا۔
’میراڈونا کو کس چیز نے مارا‘ کے عنوان سے بنائی گئی یہ ڈاکومینٹری ’ڈسکوری پلس‘ پر چلائی جا رہی ہے، جس میں عظیم کھلاڑی کی زندگی کا 45 منٹوں میں احاطہ کیا گیا ہے۔ اس ڈاکومینٹری میں ان تمام لوگوں کو شامل کیا گیا ہے جو ان کے قریب رہے۔
اگرچہ اس ڈاکومینٹری میں میراڈونا کے فٹ بال کیریئر پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے لیکن اس کا مرکزی خیال زیادہ تر ان کی ذاتی زندگی کے گرد گھومتا ہے۔
اس میں میراڈونا کا بچپن دکھایا گیا ہے جب وہ گلیوں میں اپنے دوستوں کے ساتھ فٹ بال کھیلتے تھے۔ اس میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ ان کا بچپن غربت میں گزرا جس کی وجہ سے ان صحت مندانہ پرورش نہ ہو سکی اور ان کو جسمانی طور پر مضبوط بننے میں کئی برس لگے.
میراڈونا کے قریب رہنے والے لوگوں کے انٹرویوز سے پتا چلتا ہے کہ وہ ایسی مضر صحت اشیا کا استعمال کرتے تھے جس کی وجہ سے ان کی صحت خراب ہوئی۔ اس فلم میں 30 منٹ ان کی اس عادت پر صرف کیے گئے ہیں۔
دستاویزی فلم میں دکھایا گیا ہے کہ اس دوران کس طرح ان کے مخالف میدان میں ان کو زخمی کرتے رہے اور انہیں بہت گہری چوٹیں بھی آئیں اور وہ درد ختم کرنے والی ادویات استعمال کرتے رہے۔

پروفیسر سنجے شرما نے کہا کہ ’مجھے شک ہے کہ منظم طریقے سے ان کی رگوں میں کورٹیسون اتاری گئی (فوٹو: اے ایف پی)

حتٰی کہ ان کی دیکھ بھال کرنے والے میڈیکل عملے نے بھی ان کے ساتھ اچھا سلوک نہ کیا۔ سپورٹس کارڈیالوجی کے پروفیسر سنجے شرما نے کہا کہ ’مجھے شک ہے کہ منظم طریقے سے ان کی رگوں میں کورٹیسون اتاری گئی۔ کورٹیسون نہ صرف جوڑوں کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ اس کے اثرات پورے جسم پر ہوتے ہیں۔ خاص طور پر دل کی صحت پر برے اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔‘
میراڈونا کا گذشتہ برس 25 نومبر کو دل کا دورہ پڑنے سے 60 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔ ان کی موت بہت جلد ہو گئی اور انہیں زندگی میں اپنی کامیابیوں سے پوری طرح لطف اندوز ہونے کا موقع نہ ملا۔

شیئر: